ملک میں پانی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرنے لگا ، مختلف شہروں میں عوام کا احتجاج

ملک میں پانی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرنے لگا ، مختلف شہروں میں عوام کا ...
ملک میں پانی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرنے لگا ، مختلف شہروں میں عوام کا احتجاج

  

لاہور ( ویب ڈیسک ) ملک بھر میں پانی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرنے لگا ، مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر آگئے اور احتجاج کرنے لگے ۔

نجی ٹی وی "جیو نیوز "کے مطابق سندھ کے شہر سکھر میں کاشتکاروں نے وفاقی وزیر  برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ کی رہائشگاہ کے باہر مظاہرہ ، مظاہرین نے بائی پاس پر بھی دھرنادیا جس سے ٹریفک معطل رہی ۔ سندھ کے ہی شہر حیدر آباد ، ٹھٹھہ ، پڈعیدن میں بھی پانی کے بحران نے  کاشتکاروں کو پریشان کر رکھا ہے ، ماہرین کےمطابق پانی کی قلت کے باعث کپاس کی فصل کی پیداوار میں   35 تا 40 فیصد   کمی کا امکان ہے ۔

دوسری جانب چولستان میں پانی کا بحران سنگین تر ہو چکا ہے جہاں  حالیہ چند ایام میں  بھیڑ بکریوں سمیت سینکڑوں جانور پیاس سے ہلاک ہو چکے ہیں   

 نجی ٹی وی کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں پانی کی قلت کے باعث 12 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ضلع ڈیرہ بگٹی کے مختلف علاقوں جن میں لوٹی  اور پیر کوہ سمیت دیگر شامل ہیں میں  علاقہ مکین صاف پانی کی قلت کے باعث آلودہ پانی پی رہے ہیں جس کے باعث علاقے میں ہیضہ کی وبا بھی پھیل چکی ہے ۔

سندھ میں گڈو ، سکھر اور کوٹری بیراج پر مجموعی طور پر  پانی کی 52 فیصد کمی کا سامنا ہے  جبکہ نہریں خشک ہو چکی ہیں جس سے فصلیں بری طرح  متاثر ہیں اور کاشتکار مشکلات کا شکار ہیں ۔  

ادھر کینجر جھیل میں پانی کی قلت کےباعث کراچی کیلئے خطرے کی گھنٹی بج چکی ہے  جہاں پانی کی سطح ڈیڈ لیول کے قریب پہنچ چکی ہے ۔  کراچی کو پانی دینے والی کینجھر جھیل کے  اسسٹنٹ انجینئر کے مطابق  جھیل میں پانی کی سطح  56 فٹ سے کم ہو کر 48 فٹ پر آگئی ہے ، اگر پانی کی سطح میں مزید 6 فٹ کمی آئی تو کراچی کو پانی کی فراہمی بند کر دی جائے گی ۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسسٹنٹ انجینئر کا کہنا ہے کہ  کینجر جھیل سے کراچی کو 1200 کیوسک پانی یومیہ فراہم کیا جاتا ہے ، اگر گلیشئرز کے پگھلنے یا بارشوں کے باعث جھیل میں پانی نہ آیا تو حالات خطرناک صورتحال اختیار کر سکتے ہیں ۔

مزید :

قومی -