فواد چودھری کا الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ نثار درانی کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ نثار درانی کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا ، ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کاکہنا تھا کہ ملک میں سیاسی بحران کی بڑی وجہ الیکشن کمیشن کا غیر فعال ہونا ہے ، سیاسی قیادت کا چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد صفر ہو چکا ہے جس کا اظہار بارہا عمران خان بھی کر چکے ہیں ،چیف الیکشن کمشنر پاکستان تحریک انصاف کے خلاف پارٹی بنے ہوئے ہیں ، انہیں چاہئے مسلم لیگ (ن) میں کوئی عہدہ لے لیں ۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے خلاف قانونی جنگ لڑنے جا رہے ہیں ،الیکشن کمیشن میں 70 فیصد آبادی کا نمائندہ ہی نہیں ، الیکشن کمیشن میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نمائندگی ہی نہیں ، چیف الیکشن کمشنر کو چاہئے کہ وہ مستعفی ہو جائیں ۔ اداروں کا فرض ہے کہ معاشرے میں بیلنس قائم رکھیں ، پاکستان کا سیاسی نظام اس وقت لندن سے یرغمال ہے ، 20 مئی سے قبل الیکشن کرانے کا اعلان ہونا چاہئے ۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ رانا ثناء اللہ دھمکیوں کے ذریعے حکومت چلانے کی کوشش کر رہے ہیں ، ایف آئی اے کو مخالفین کے گھروں پر بھیجا جا رہا ہے ، پتہ نہیں آصف زرداری جو بیگ ساتھ لے کرپھرتے تھے اس میں کیا تھا۔