بالی ووڈ کے وہ ستارے جن کی پہلی شادی ناکام ہوئی لیکن دوسری بار گھر بسایا تو زندگی انتہائی خوشگوار ہوگئی

بالی ووڈ کے وہ ستارے جن کی پہلی شادی ناکام ہوئی لیکن دوسری بار گھر بسایا تو ...
بالی ووڈ کے وہ ستارے جن کی پہلی شادی ناکام ہوئی لیکن دوسری بار گھر بسایا تو زندگی انتہائی خوشگوار ہوگئی

  

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کے کچھ اداکار اور اداکارائیں ایسی ہیں جن کی پہلی شادی ناکام ہوئی تاہم دوسری بار انہیں ایسے پارٹنرز ملے کہ ان کی زندگی پہلے سے زیادہ خوشگوار ہو گئی۔ ویب سائٹ cosmopolitan.in کے مطابق ایسے فنکاروں میں ملائیکہ اروڑا اور ارجن کپور کی جوڑی بھی شامل ہے۔ ملائیکہ اروڑا نے 1998ءمیں ارباز خان کے ساتھ شادی کی تھی اور طویل رفاقت کے بعد 2017ءمیں ان کی طلاق ہو گئی۔ ارباز سے طلاق کے بعد ملائیکہ اروڑا کو ارجن کپور کی شکل میں نئی محبت مل گئی۔ اگرچہ ملائیکہ اور ارجن کی عمروں میں 12سال کا فرق ہے مگر دونوں اس تعلق پر بہت خوش ہیں۔

سیف علی خان کی پہلی شادی اداکارہ امریتا سنگھ سے ہوئی تھی جو 13سال بعد 2004ءمیں طلاق پر منتج ہوئی۔ اس شادی سے ان کے دو بچے ابراہیم اور سارا علی خان ہی۔ طلاق کے بعد چار سال سیف علی خان سنگل رہے اور بالآخر 2008ءمیں ان کی زندگی میں کرینہ کپور آ گئیں۔ اب وہ کئی سال سے خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں اور دونوں کے دو خوبصورت بیٹے بھی ہیں۔

اداکار فرحان اختر اور ان کی ہیئرسٹائلسٹ بیوی ادھونا بھابانی کی 2017ءمیں طلاق ہوئی۔ دونوں کے دو بچے بھی تھے۔ بعد ازاں فرحان اختر ٹی وی میزبان، ماڈل اور گلوکارہ شیبانی داندیکر کی محبت میں گرفتار ہو گئے اور میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ سال دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جا رہے ہیں۔

بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ’ڈیوڈ ڈی‘ کی اداکارہ کلکی کوشلین بھارتی فلم ساز انوراگ کیشپ کی سابق اہلیہ ہیں۔ ان کی شادی 2011ءمیں ہوئی تھی جو 2020ءمیں طلاق پر ختم ہوئی۔ انوراگ سے طلاق کے بعد کلکی اپنے موجودہ بوائے فرینڈ گے ہرشبرگ کی محبت میں گرفتار ہوئیں اور دونوں اب ایک بچے کے ماں باپ بھی بن چکے ہیں۔

2018ءمیں 20سالہ ازدواجی زندگی کا خاتمہ کرتے ہوئے اداکار ارجن رام پال نے اپنی اہلیہ مہر جیزیا کو طلاق دی تھی۔ اس کے بعد ارجن کا جنوبی افریقہ کی ماڈل گیبرئیلا ڈیمٹریاڈس کے ساتھ تعلق قائم ہو گیا اور اب ان کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام انہوں نے اریک رکھا ہے۔

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دیا مرزا کی شادی ساحل نامی شخص کے ساتھ ہوئی تھی جو 5سال بعد 2019ءمیں طلاق پر ختم ہو گئی۔ گزشتہ سال دیا مرزا نے ویبھو ریکھی کے ساتھ شادی کر لی اور اب ان کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام اویان آزاد ہے۔

ملائیکہ اروڑا کے ساتھ طلاق کے بعد ارباز خان کو بھی اطالوی رقاصہ و اداکارہ جارجیا اینڈریانی کی شکل میں نئی محبت مل گئی۔ حالیہ سالوں میں انہیں کئی سیاحتی مقامات پر اکٹھے چھٹیاں مناتے دیکھا گیا ہے۔

اداکارہ سنجے دت اور ریہا پیلائی کا تعلق 1998ءمیں قائم ہوا جو 2005تک رہا۔ 2008ءمیں سنجے دت نے منیاتا کے ساتھ شادی کر لی اور دو سال بعد ان کے ہاں جڑواں بہن بھائی کی پیدائش ہوئی۔ انہوں نے اپنی بیٹی کا نام ’اقرا‘ اور بیٹے کا نام ’شہران‘رکھا ہے۔

اداکار پلکیت سمراٹ کی شادی شویتا روہیرا کے ساتھ ہوئی تھی جو صرف ایک سال ہی چل سکی۔ اس کے سالوں بعد سمراٹ کو اداکارہ کریتی کھربندا کی صورت میں نئی محبت مل گئی۔ دونوں اب ایک ساتھ رہ رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر اپنے تعلق کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔ 

اداکار کرن سنگھ گروور کی پہلے دو شادیاں ہو چکی تھی۔ ان کی پہلی شادی شردھا نگھم کے ساتھ ہوئی جو 2008سے 2009تک صرف ایک سال ہی چلی۔ اس کے بعد انہوں نے جینیفر ونگیٹ کے ساتھ 2012ءمیں شادی کی جو دو سال چلی۔ تیسری بار ان کی زندگی میں اداکارہ بپاشا باسو آئیں۔ ان کی شادی 2016ءمیں ہوئی اور اب وہ خوش و خرم زندگی گزار رہے ہیں۔

مزید :

تفریح -