پاکستان نے اپنے دفاع میں بھارت کو جواب دیا اور دیتا رہے گا، بلاول
کراچی(آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان نے اپنے دفاع میں بھارتی جارحیت کا جواب دیا اور دیتا رہے گا۔ چینی میڈیا کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ، بھارتی حکومت اورمسلح افواج کو اسطرح جواب دیا گیا کہ ہم نے صرف اپنا دفاع کیا ہے۔ یواین چارٹر کے تحت پاکستان کو جارحانہ اقدامات کا جواب دینے کا حق حاصل ہے، بھارت ہمیشہ اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے اسطرح کی کارروائی کرتا ہے، بھارت دہشتگرد حملوں کو وجہ بنا کر سیکیورٹی معاملات سے توجہ ہٹانے کیلئے اپنے ملک کے مسلمانوں یا پاکستان کو نشانہ بناتا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے تربیتی کیمپوں اور دہشتگردوں کے بارے میں جھوٹ بولا ہے، بھارت پہلگام واقعہ پر اب تک کسی دہشتگرد کا نام سامنے نہیں لاسکا ہے جبکہ سچ یہ ہے کہ بھارت نے پاکستان میں شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی رویے نے کسی طرح کے بھی ڈائیلاگ کا ہونا بہت مشکل بنا دیا، بھارت نے پاکستان کے ساتھ تمام معاملات پر بات چیت سے انکار کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بین الاقوامی اداروں اور قوانین کی حفاظتکیلئے اپنا کردار ادا کرے، پاک بھارت کشیدگی اب عالمی مسئلہ ہے، جوہری ہتھیاروں سے لیس ممالک میں جنگ کا خطرہ بڑھ چکا ہے جس کا اثر پورے خطے پر پڑیگا۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں مداخلت کرے، بھارت کو کارروائیوں پر جوابدہ ٹھہرایا جائے، دہشت گردی کے واقعے کی بین الاقوامی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور بین الاقوامی برادری کو خطے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔
بلاول بھٹو
