عوام پرامن رہیں ،اتحاد کا مظاہر ہ کریں ، اور افواج پاکستان پر مکمل بھروسہ رکھیں 

    عوام پرامن رہیں ،اتحاد کا مظاہر ہ کریں ، اور افواج پاکستان پر مکمل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                            پشاور(سٹاف رپورٹر)حالیہ بھارتی جارحیت کے پیش نظر، حکومت خیبر پختونخوا پاکستان کی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور افواجِ پاکستان اور دیگر قومی اداروں کی جرات مندانہ تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتی ہے۔عوام سے گزارش ہے کہ خوف و ہراس میں مبتلا ہونے کے بجائے پُرامن، باہمت اور ذمہ دار شہری بن کر اپنا کردار ادا کریں۔ افواجِ پاکستان مکمل طور پر الرٹ ہے اور ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ قومی ادارے باہم مربوط انداز میں ملک کی دفاع، عوام کی حفاظت اور معمولاتِ زندگی کے تسلسل کو یقینی بنانے میں مصروفِ عمل ہیں۔خیبر پختونخوا کے غیرت مند اور محب وطن عوام سے اپیل ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع یا مستند قومی میڈیا سے جاری شدہ اطلاعات پر بھروسہ کریں۔ کسی بھی قسم کی جعلی خبروں یا گمراہ کن پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں۔تمام ضلعی انتظامیہ، ہسپتالوں، ریسکیو 1122 اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کی فوری معاونت ممکن ہو سکے۔یہ وقت اتحاد، اعتماد اور قومی شعور کا تقاضا کرتا ہے۔ ہم سب مل کر ان آزمائشوں کا مقابلہ کریں گے۔پاکستان زندہ باد۔