آپریشن بنیاد المرصوص سے انڈیا گونج اٹھا ہے : بیر سٹرڈاکٹر سیف
پشاور(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ شاہینوں نے کامیاب آپریشن ''بنیان المرصوص'' کے تحت دشمن کو اس کے گھر میں جا کر نشانہ بنایا، جس سے پورے بھارت میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ اس جرات مندانہ کارروائی نے وطن عزیز پر حملے کا حساب چکتا کر دیا ہے۔اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں مشیر اطلاعات نے کہا کہ دشمن نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں معصوم شہریوں، بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایاتھا، لیکن شاہینوں نے بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی افواج میں سامنے سے وار کرنے کی ہمت نہیں، کیونکہ وہ ہمیشہ اندھیرے اور بزدلی کا سہارا لیتی ہیں۔ جبکہ پاک فوج اور فضائیہ کے جوان ہمہ وقت چوکنا اور دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اس وقت دشمن کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد ہے اور اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کو آئندہ کسی بھی قسم کی مہم جوئی سے پہلے ہزار بار سوچنا ہوگا، کیونکہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو ہمیشہ کرارا جواب دیا جائے گا۔ بیرسٹر سیف نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ حالات قومی یکجہتی اور اتحاد کا تقاضا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی فوری رہائی ناگزیر ہے، کیونکہ وہ ملک کے سب سے مقبول رہنما ہیں جن کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے۔ تمام سیاسی قیدیوں کے خلاف جھوٹے مقدمات کا خاتمہ اور ان کی رہائی قومی مفاہمت کی جانب ایک اہم قدم ہو گا۔بھارتی میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹ، پراپیگنڈے اور گمراہ کن خبروں میں ماہر ہے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ بھارتی فوج کچھ نہ کر سکی، مگر بھارتی میڈیا نے پاکستان ''فتح'' کرنے کا تاثر دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ان کا کہنا تھاکہ بھارتی میڈیا کو چاہیے کہ وہ آپریشن بنیان المرصوص کی حقیقت پر مبنی خبریں نشر کرے اور سچائی کو تسلیم کرے۔
