وینزویلا میں امریکی صحافی کی رہائی
کراکس(اے پی پی) وینزویلا نے امریکی صحافی کو رہا کر دیا۔ وینزویلا کے حکام نے گذشتہ روز امریکہ کے صحافی اور میامی ہیرالڈ کے رپورٹر جم وائز کو دو دن قید رکھنے کے بعد رہا کر دیا۔ جم کو دو روز قبل کولمبیا کے قریب سرحد سے گرفتار کیا گیا تھا جہاں وہ وہاں پر آئندہ ماہ ہنے والے مقامی انتخابات پر خبر کی تلاش میں مصروف تھا۔ ہیرالڈ نے بتایا کہ جم وائز کو بغیر کوئی نقصان پہنچائے جذبہ خیرسگالی کے طور پر کراکس میں امریکی سفارتکاروں کے حوالہ کیا گیا۔
وائز نے اخبار کی ویب سائٹ پر کہا کہ میں مسئلہ کے حل میں کردار ادا کرنے والے ہر شخص کا شکرگزار ہوں اور میں رہائی کے عمل کو تیزی سے نمٹانے پر وینزویلا کے حکام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وینزویلا کے صدر نکولس میدورو نے مسئلہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔