جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا تین صوبوں کے بلدیاتی انتخابات پر اتحاد کافیصلہ

جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا تین صوبوں کے بلدیاتی انتخابات پر اتحاد ...
جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا تین صوبوں کے بلدیاتی انتخابات پر اتحاد کافیصلہ

  

لاہور(حنیف خان)جماعت اسلامی اورپاکستان تحریک انصاف نے تین صوبوں میں بلدیاتی انتخابات مل کر لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔لیکن صوبہ بلوچستان میں پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے امیدوار اپنے اپنے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لیں گے ۔صوبہ خیبر پختونخواہ اور سندھ میں جماعت اسلامی و تحریک انصاف کے صوبائی و ضلعی سربراہوں نے ہوم ورک مکمل کرلیا جس کے باقاعدہ اعلان آئندہ چندروز کے بعد کیا جائے گا۔جبکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات بھی مل کرلڑنے کے حوالے سے جلد ہوم ورک شروع کرکے مکمل کرلیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ اور سندھ میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات ہونے کے اعلان کے بعد ہی جماعت اسلامی اور تحریک انصاف  نے اپنے اپنے صوبائی اور ضلعی سربراہوں کو یہ ٹاسک سونپ دیا کہ وہ آپس میں مذاکرات کے ذریعے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات طے پالیں جس کے پیش نظر جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے ضلعی اور صوبائی سربراہوں نے مذاکرات کا آغاز کردیا ۔معلوم ہوا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ اورسندھ میں صوبائی و ضلعی سربراہوں نے ہوم ورک مکمل کرلیا ہے جس کے متعلق جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن اور تحریک انصاف  کے چیئر مین عمران کوآگاہ کردیا گیا تاہم اس کا باقاعدہ اعلان دونوں جماعتوں کے مرکزی رہنماﺅں کی طرف سے جلدمشترکہ پریس کانفرنس میں کئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے درمیان پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے پرابھی مذاکرات نہیں ہوئے اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ پنجاب حکومت نے یہاں پہلے غیر جماعتی بنیادوں پر الیکشن کروانے کا اعلان کیاتھا اس اعلان کے پیش نظر دونوں جماعتوں میں مذاکرات نہیں ہوپائے۔بعدازاں عدالتی فیصلے کے باعث پنجاب حکومت صوبے میں جماعتی بنیادوں پر الیکشن کروانے پر مجبور ہوگئی اس لئے جماعت اسلامی اور تحریک انصاف پنجاب میں بھی مل کر بلدیاتی الیکشن لڑیں گے۔اس سلسلے میں صوبائی و ضلعی سربراہوں کو جلد مذاکرات کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے ،ان مذاکرات کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔ اوراب پنجاب میں بھی جماعت اسلامی اور تحریک انصاف  مل کر بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ صوبہ بلوچستان میں تحریک انصاف ف ف مقامی سطح پر کمزور ہے جس کی وجہ سے جماعت اسلامی اس صوبے میں تحریک انصاف کے ساتھ مل کر الیکشن میں حصہ نہیں لے گی جماعت اسلامی بلوچستان میں حصہ لینے کے لئے وہا ں پر مقامی افراد اور جمعیت علمائے اسلام نظریاتی گروپ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرکے الیکشن لڑے گی۔

مزید : قومی