خیبرپختونخواہ کے 11وزراءکیخلاف کرپشن کی تحقیقات مکمل ، عہدوں سے فارغ کیے جانے کا امکان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخواہ کے11صوبائی وزرا کے بارے میں مبینہ کرپشن کی شکایات کی سچائی جاننے کے لیے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پرشروع کی گئی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں اور اس بات کاقوی امکان ہے کہ عمران خان آج پارٹی کے صوبائی وزرا کوکرپشن کے الزامات کے باعث وزارتوں سے فارغ کردیں گے۔ذرائع کے مطابق جن حکومتی عہدیداروں کے خلاف تحقیقات کی گئی ہیں ان میں لینڈریونیو کے وزیرعلی امین خان گنڈاپور، وزیرصحت شوکت یوسفزئی،معاون خصوصی یاسین خلیل، مشیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی اوروزیر جنگلات و ماحولیات حاجی ابرار عرف بالا سمیت کل 11اراکین صوبائی کابینہ شامل ہیں۔جماعت اسلامی کے دونوں وزرا سراج الحق اور عنایت اللہ کے علاوہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے حوالے سے پارٹی کے چیئرمین عمران خان کو بدعنوانی کی ایک بھی شکایت موصول نہیں ہوئی جسے پارٹی چیئرمین نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے مبینہ بدعنوان وزرا ءکی برطرفی کے اعلان کے موقع پر اطمینان کا اظہار کریں گے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق عمران خان کو سب سے زیادہ شکایات قومی وطن پارٹی( شیرپاﺅ) سے تعلق رکھنے والے وزیر جنگلات کے بارے میں موصول ہوئیں۔