زائچہ گھر ۔۔علم نجوم کی روشنی میں اپنا مستقبل جانیں
مطلوبہ کامیابی کب ملے گی
وقاص۔۔۔ بورے والا
سوال: میں بہت پریشان ہوں کچھ عرصے سے مجھے تعلیمی مقاصد میں مطلوبہ کامیابی نہیں مل رہی۔ زائچوں کی روشنی میں بتائیں کہ کیا میں مستقبل میں تعلیم کے شعبے میں کامیاب ہو سکوں گا؟
جواب: آپ کے زائچہ کے مطابق آپ کے تعلیمی مقاصد میں مشکلات اور پریشانیاں نظر آرہی ہیں، نماز پنجگانہ خشوع کے ساتھ ادا کریں اور صدقات دیں۔ جمعرات کے روز غریبوں اور مسکینوں کو کھانا کھلائیں، غیر ضروری مصروفیات ترک کر دیں۔ زائچہ سے معلوم ہو رہا ہے کہ آپ حساس ہیں، لوگوں اور ارد گرد کے ماحول کا منفی اثر جلد لیتے ہیں۔ اس سے بچیں اور اپنی توجہ منتشر ہونے سے بچائیں۔ ایک وقت میں ایک کام مکمل یکسوئی سے انجام دیں۔ پتھر آپ کے لئے نیلم بہتر ہے، اسے آپ چاندی میں بنوا کر لاکٹ کے طور پر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ ہفتہ کے روز پہلی مرتبہ پہننے سے قبل دو نفل نماز نیک مقاصد اور صدقہ دینا بہتر ہے۔
میرابرج دلو اور منگیتر کاجدی ہے،ہم آہنگی کیوں نہیں پیدا ہوتی ؟
مریم۔۔۔ شرقپور
سوال: میرا برج دلو جب کہ میرے ممکنہ شریک حیات کا برج جدی ہے، ہماری منگنی عنقریب ہونے والی ہے، شادی کب تک ہو گی کیا ہماری زندگی خوشگوار گزرے گی؟
جواب: برج دلو سے متعلقہ لڑکی کی شادی اگر جدی مرد سے ہو جائے تو یہ شادی ہنگامہ خیز ثابت ہو سکتی ہے۔ دونوں میں محبت بھی ہو گی مفاہمت اور موافقت بھی قائم رہے گی۔ خوش و خرم بھی رہ سکتے ہیں لیکن دلو عورت جدی مرد سے شادی کر کے بڑی مشکل میں گرفتار ہو جاتی ہے۔ جدی مرد محنت اور مشقت کرنے کے عادی ہوتا ہے لیکن دلو بیوی کا مزاج مختلف ہوتا ہے، اسے ہر وقت اپنے مستقبل کا خیال رہتا ہے۔ دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنی ہو گی۔
بیرون ملک
عارف ۔۔۔ گجرات
سوال: میں ان دنوں بیرون ملک جانے کے لئے ویزا لگوا رہا ہوں، مجھے بتائیں کہ بیرون ملک جا کر کہیں کوئی مشکلات تو نہیں آئیں گی، کیا میں وہاں سیٹل ہو جاؤں گا؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں اور آپ کے زائچہ کے تجزیہ کے مطابق آپ کو بیرون ملک سفر میں مشکلات نظر آرہی ہیں۔ اگر آپ وہاں چلے بھی جائیں تو مستقل طور پر وہاں سیٹ ہونے میں آپ کو مشکلات اور پریشانیاں آسکتی ہیں۔ یا پھر کوئی قانونی اعتراض لگ سکتا ہے۔ بیرون ملک سفر میں کامیابی کے لئے لوحِ سفر بنوا کر پاس رکھیں۔ روحانی تدبیر اختیار کریں اور صدقات دیں انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
۔۔۔۔۔
( ایم اے شامی نقشبندی روحانی علوم سمیت علم نجوم ،علم الاعداد، دست شناسی ،علم الجفر کے ماہر ہیں،وہ کئی قومی اخبارات و جرائد میں کالم لکھ کر لوگوں کی رہ نمائی کرتے ہیں۔
اگر آپ کو بھی ایسے مسائل کا سامنا ہے تو اپنے کوائف اس پتہ پر ای میل کریں ،کوائف میں اپنا نام،تاریخ پیدائش،وقت پیدائش،شہر کا نام لازمی لکھیں۔جواب اس کالم مِیں باری آنے پر دیا جائیگا۔pakastrologer@gmail.com )