کراچی ایمپریس مارکیٹ کے اطراف میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا ساتواں روز
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر قائد میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن کے ساتویں روز صدر ایمپریس مارکیٹ کے اطراف میں غیرقانونی تعمیرات گرانے کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن میں بھاری مشینری کی مدد سے غیر قانونی طور پر قائم تعمیرات کو گرایا جارہا ہے۔آپریشن کے دوران پرندہ مارکیٹ، کپڑوں کی مارکیٹ، چائے پتی اور خشک میوہ جات کی مارکیٹ بھی گرائی جارہی ہیں۔
سینیئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر احمد صدیقی کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چند گھنٹوں میں ایمپریس مارکیٹ کے ارد گرد تجاوزات کا خاتمہ کردیا جائے گا اور 15 روز میں اِسے اصل شکل میں بحال کردیں گے۔بشیر صدیقی نے کہا کہ آج 1043 غیر قانونی دکانیں گرائی جائیں گی اور آپریشن کے بعد کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) اور پولیس صدر میں جگہ جگہ کیمپ لگائے گی۔ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کا مزید کہنا تھا کہ صدر میں تجاوزات کو روکنے کے لئے ٹاسک فورس بنائی گئی ہے جو کے ایم سی، اینٹی انکروچمنٹ اور پولیس پر مشتمل ہوگی۔