تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور آزادکشمیر میں مثالی فلاحی معاشرے کے قیام کے لئے بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان جیسے رہنماؤں کے نقش قدم پر چلنا ہو گا: سردار مسعود خان
مظفر آباد(ویب ڈیسک)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور آزادکشمیر میں مثالی فلاحی معاشرے کے قیام کے لئے بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان جیسے رہنماؤں کے نقش قدم پر چلنا ہو گا۔ جنہوں نے انتہائی نامساحد حالات میں نہ صرف خطہ کشمیر کی آزادی کے لئے تن من دھن کی بازی لگا دی تھی بلکہ یہاں کے مرد و زن کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے وہ کارہائے نمایاں انجام دئیے جو ہماری موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لئے ہمیشہ مشعل راہ اور وجہ تفاخر رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز پلندری میں معروف مجاہد آزادی ، سیاسی رہنماء اور سماجی مصلح کرنل خان محمد خان کی 57ویں برسی کے موقع پر ایک تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے آزادکشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی ، ممبر جموں وکشمیر کونسل سردار عبد الخالق وصی ، کرنل اورنگزیب ، سردار خلیق الرحمان ایڈووکیٹ صدر ڈسٹرکٹ بار پلندری سردار محمد حفیظ خان ایڈووکیٹ ، محترمہ تہمینہ صادق صاحبہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان نہ صرف ایک بہادر اور جری مجاہد آزادی تھے جنہوں نے کشمیر کی تحریک آزادی میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ وہ ایک ذہین ، دوراندیش اور اپنے زمانے سے پچاس سال آگے دیکھنے کی صلاحیت رکھنے والی ایک عبقری شخصیت تھے۔ جن کی قربانی ، محنت اور جدوجہد کے باعث آج ہم اور ہماری اولادیں آزادی کی فضا میں خوشحالی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1934ء سے 1946ء کے دوران 12سال تک جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن رہنے والے کرنل خان محمد خان صاحب نے ایک پر اشوب دور میں پورے جموں وکشمیر کے عوام کی بالعموم اور پونچھ کے عوام کے باالخصوص سیاسی رہبری اور ترجمانی کی، اور اس خطے کے عوام کی معاشی اور سماجی ترقی کے لئے گرانقدر خدمات انجام دیں ۔
سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کے قیام اور اس پلیٹ فارم سے پونچھ کے عوام کی عصری تعلیمی ضروریات پوری کرنے کی جدوجہد میں کرنل خان محمد خان صاحب نے میر کارواں کا کردار ادا کیا۔ اور یہ ان کی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ آج آزادکشمیر میں یونیورسٹیاں ، سینکڑوں کالجزاور ہزاروں سکول کرنل خان محمد خان کی سیاسی میراث کے طور پر موجود ہیں۔ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے سیاسی ، سماجی اور تعلیمی مشن کو آگے بڑھائیں ۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ خان صاحب نے نہ صرف سیاسی و تعلیمی ترقی کے لئے انتھک محنت و ریاضت کی بلکہ عوام الناس میں پائی جانے والی سماجی برائیوں کے خاتمے کے لئے بھی عملی جہاد کیا۔ یہ خان صاحب کی محنت اور دوراندیشی کا نتیجہ ہے کہ آج پلندری میں ایک عظیم الشان مدرسہ اور دارالعلوم پورے آزادکشمیر اور پاکستان کے طلبہ کے لئے رشد و ہدایت اور علم کی روشنی پھیلانے والا ایک منظم ادارہ بن چکا ہے۔ جس کی بنیاد خان صاحب نے علاقے کے عوام باالخصوص خواتین کی مالی معاونت سے رکھی تھی ۔ کرنل خان محمد خان خطہ کشمیر کا سرسید اور مصور پاکستان علامہ محمد اقبال کا خطہ کشمیر میں قریبی نظریاتی ساتھی قرار دیتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مرحوم خان صاحب کی تعلیمات اور خدمات سے نئی نسل کو آگاہ کرنے کے لئے آزادکشمیر کے کالجز اور یونیورسٹیوں میں سیمینار کا انعقاد کرنے کے علاوہ مرحوم کی یادگار کی تعمیر اور ان سے منسوب پبلک لائبریری کے قیام کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرنل خان محمد خان مرحوم نے ہمیشہ اپنی ذات اور خاندان کی منفعت سے بالا تر ہو کر جدوجہد کی اور قیادت و سیادت کا تاج سردار محمد ابراہیم خان کے سر پر اس وقت سجا دیا جب خان صاحب کی اپنی سیاست اپنے عروج پر تھی۔
قبل ازیں صدر سردار مسعود خان جب پلندری پہنچے تو وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی، سردار عبدالخالق وصی اور عوام علاقہ کی بڑی تعداد نے ان کا شاندار استقبال کیا ، جبکہ پولیس کے ایک چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ صدر آزادکشمیر نے کرنل خان محمد مرحوم کے داماد اور علاقے کے ایک ہونہار سپوت برگیڈئیر محمد صادق خان کے مزار پر بھی حاضری دی اور ان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ جبکہ پلندری میں کرنل خان محمد خان کے مزار پر بھی صدر آزادکشمیر نے حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔