نوازشریف کا معاملہ، سرکاری میڈیکل بورڈ نے حکومت کو مزید رائے دینے سے صاف انکار کردیا
لاہور(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم کے علاج و معالجے کے لیے بنائے گئے میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے حکومت کو مزید رائے دینے سے انکار کر دیا۔
جیونیوز کے ذرائع کے مطابق سروسز ہسپتال کے سربراہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو اسپتال سے ڈسچارج کرتے وقت حکومت کو رپورٹ دیدی تھی۔سربراہ میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ نواز شریف 3 روز پہلے سروسز ہسپتال سے جا چکے، اس پر مزید رائے دینا ممکن نہیں ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹیلیٹس 30 ہزار بھی ہوں تو طبی طور پر مینج کر کے انہیں باہر لے جایا جا سکتا ہے۔مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے نواز شریف کی کل بیرون ملک روانگی کے لیے ا سٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دی لیکن ای سی ایل سے نام نہ نکلنے کی وجہ سے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی تاخیر کا شکار ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے ڈاکٹرز کے مطابق نواز شریف کو بار بار اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز نہیں دی جا سکتی، ڈاکٹر پلیٹیلیٹس بڑھانے کی کوشش میں نقصان کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کے مطابق گزرتے وقت کے ساتھ خطرات بڑھتے جا رہے ہیں، ان کی بیرون ملک روانگی میں تیزی لانے کی ضرورت ہے، بصورت دیگر میڈیکل ایمرجنسی پر مریض کو بیرون ملک منتقل کرنا تقریباً ناممکن ہو جائے گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹیلیٹس کی سطح سفر کے لیے قبول سطح پر لانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔یاد رہے کہ نواز شریف کو طبیعت ناساز ہونے پر 21 اکتوبر کو لاہور کے سروسز اسپتال لایا گیا تھا اور حکومت کی جانب سے ان کے علاج و معالجے کے لیے ایک میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دیا گیا تھا۔
میڈیکل بورڈ تمام تر کوششوں کے باوجود نواز شریف کے پلیٹیلیٹس کی تعداد میں کمی کا پتہ چلانے میں ناکام رہا تھا اور پھر عدالت نے انہیں علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔
ادھر تازہ اطلاعات کے مطابقجاتی امرا میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت نازک ہے۔نواز شریف کے لندن جانے کے ٹکٹ بھی منسوخ کردیئے گئے۔ان کا نام ابھی بھی ای سی ایل میں موجود ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق نواز شریف کو قطر ایئرویز کی پرواز629 سے لندن جانا تھا ۔رپورٹس کے مطابق سوال ایوی ایشن نے ان کی لندن روانگی سے متعلق تمام انتظامات کرلئے تھے۔ ٹی وی رپورٹس کے مطابق ان کی روانگی کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیاجائے گا۔
نواز شریف کی طبیعت سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ نون کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کی صحت سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیاجائےنواز شریف کی صحت سے متعلق اطلاعات صرف ان کے ڈاکٹر عدنان دیں گے۔انہوں نے کہاپارٹی ترجمان یاڈاکٹرعدنان کے علاوہ کسی کی بات کو بنا تصدیق نہ چلایاجائے.