سعودی عرب میں بھی موسم کی انگڑائی، محکمہ شہری دفاع نے مکینوں کوخبردار کردیا

سعودی عرب میں بھی موسم کی انگڑائی، محکمہ شہری دفاع نے مکینوں کوخبردار کردیا
سعودی عرب میں بھی موسم کی انگڑائی، محکمہ شہری دفاع نے مکینوں کوخبردار کردیا

  



ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے موسم سرما کی بارش کے پیش نظر نشیبی اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں تک سعودی عرب کے شمالی اور مغربی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق قصیم، حائل، مدینہ منورہ، دمام، الخبر، الاحساء اور الریاض ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بعض علاقے گردو غبار کی لپیٹ میں رہیں گے۔العربیہ کے مطابق ادھر عسیر اور جازان کے پہاڑی علاقوں سمیت الباحہ میں مکہ المکرمہ کی پہاڑیوں تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ہفتے اتوار کی شب اور اتوار کو علی الصباح مکہ کے جنوب مغرب اور مکہ المکرمہ کی پہاڑیوں پر دھند چھانے رہنے کا امکان ہے۔

شہری دفاع کے مطابق الباحہ ریجن میں موسمی تبدیلی تیزی سے رونما ہو رہی ہے۔ سول ڈیفنس کے ریجنل ترجمان کرنل جمعان الغامدی نے کہا کہ موسمی تبدیلی کے پیش نظر شہری دفاع کے تمام سینٹرز کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ متوقع بارش کے پیش نظر بلدیہ نے بھی ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے اضافی عملے اور ہیوی مشنری کو مختلف مقامات پر پہنچا دیا ہے۔

کرنل الغامدی نے مزید کہا کہ متوقع بارش کے پیش نظر شہری خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ریجن کے نشیبی علاقوں میں جہاں پانی کا ریلے سیلابی صورت اختیار کر لیتا ہے، میں جانے سے گریز کریں تاکہ کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید : عرب دنیا