سروری جماعت کے زیر اہتمام" آمدمصطفٰی ﷺ ریلی"،اسلام امن کا داعی ہے:باباجانی سرکار
لاہور ( ویب ڈیسک) سروری جماعت کے زیر اہتمامـ" آمدمصطفٰی ﷺ ریلی"کا اہتمام کیا گیا۔ جس کی قیادت سلسلہ سروری کے روحانی پیشواحضرت سخی سلطان بابا جانی سرکار اللہ والوں نے کی۔ درود و سلام سے مہکتی فضائوں میں ولادت مصطفی ﷺ کے موقع پرنکالی گئی ریلی میں صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت دیگر شہروں کے ہر عمر اور طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ شیر خواربچے، نوجوان، ادھیڑ عمر افراد اور خواتین پر مشتمل ریلی کے شرکاء بسوں ، کاروں، موٹرسائیکلوں، چنگ چی رکشوں، ٹرالیوں، بیل گاڑیوں، آٹو رکشوںاور سائیکلوں پر سوار تھے۔ ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے ،جن پر آقائے دو جہاں ﷺ کی شان میں نعرے اور اشعار درج تھے۔ ــ محمد ﷺ ہمارے بڑی شان والے، سرکار ﷺ کی آمد مرحبا، آمد مصطفی ﷺ مرحبا مرحبا،کے فلک شگاف نعرے لگاتے عاشقان رسولﷺ جامعہ مسجد تقوی ہربنس پورہ سے صبح9بجے روانہ ہوئے۔ کینال روڈ ،لال پل، مغلپورہ چوک، شالیمار لنک روڈ، چوک شالیمار، باغبانپورہ سنگھ پورہ ،جی ٹی روڈسے ہوتی ہوئی براستہ گڑھی شاہو لاہور پریس کلب شملہ پہاڑی پہنچی ۔راستے میں جا بجا انجمن تاجران کے عہدیداران اور سلسلہ سروری سے منسلک باباجانی سرکار اللہ والوں کے عقیدت مندوںنے گل پاشی کرکے اور فلک شگاف نعرے لگا کر ریلی کا والہانہ استقبال کیا۔لکشمی اور جی پی او چوک سے ہوتے ہوئے ریلی چئیر نگ کراس مال روڈ پہنچی ،جہاں حاضرین نے کلمہ طیبہ اور اسمائے الحسنہ کاوالہانہ ذکر کیا۔ چئیر نگ کراس مال روڈ سے ہوتی ہوئی دھرمپورہ ،صدر گول چکر اور کینال روڈ سے ہوتی ہوئی جامعہ مسجد تقوی پہنچی ،جہاں پرشرکا نے نماز ظہر حضرت بابا جانی سرکار کی امامت میں ادا کی اور انہوں نے اختتامی دعا کروائی۔ ریلی کے شرکا میں سروری لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔سلسلہ سروری کے روحانی پیشوا حضرت سخی سلطان باباجانی سرکار اللہ والے نے کہا کے دنیا میں حقیقی امن کا قیام آقائے دو جہاں ﷺ کے بتائے اصولوں کے عملی نفاذ سے ہی ممکن ہے۔ تفرقہ بازی ا ور آپس کی نفرتوں نے ہمیں نائب اور خلیفۃ اللہ کے منصب سے گرا دیا ہے ، جذبہ ایثار،خدمت اور دوسروں کے لیے محبت کے جذبات رکھنا ہی معراج النبی ﷺ کا پیغام ہے نے ہمیں نائب اور آقائے دوجہاں ﷺ دنیا کے بڑے مفکر، عظیم فلاسفر اور بہترین منتظم ہیں جو دنیاکو آفاقی نظام دے کر گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ولادت مصطفٰی ﷺ کے سلسلہ میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء اور استقبالی جلوسوں سے پریس کلب لاہور ،صدر گول چکر اور دیگر مقامات پر خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ہادی برحق ﷺ کو رحمتہ العالمین اور امن کا سفیر بنا کر بھیجا گیا۔ آپ ﷺ نے اپنی پوری حیات مبارکہ میں انسانیت، بھائی چارے، رواداری اور برداشت کا درس دیا اور انہی اصولوں پر مشتمل ایسے آفاقی نظام کی بنیاد رکھی جو قیامت تک آنے والے لوگوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ آقائے دوجہاں کے انہی اصولوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی سمیت دیگر معاشرتی برائیوں سے چھٹکارا صرف آقا ﷺ کی عملی پیروی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی جدید ویلفیئر سٹیٹس آقائے دو جہاں ﷺ کے متعارف کروائے گئے اخوت اور بھائی چارے کے نظام پر عمل پیرا ہیں۔ خطاب کے اختتام پر انہوں نے ملکی استحکام و سلامتی کے لئے خصوصی دعا کروائی۔