افغانستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 250 رنز کا ہدف دیدیا

افغانستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 250 رنز کا ہدف دیدیا
افغانستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 250 رنز کا ہدف دیدیا

  



لکھنو (ڈیلی پاکستان آن لائن) تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں افغانستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 250 رنز کا ہدف دیدیا ہے، اصغر افغان نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 86 رنز کی اننگز کھیلی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت رتنا شری اٹل بہاری واجپائی ایکانا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے۔ اصغر افغان 86 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حضرت اللہ زازئی نے 50، ابراہیم زدران نے 2، رحمت شاہ نے 10، اکرام علی خیل نے 9، اجیب اللہ زدران نے 30 اور محمد نبی نے 50 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمو پال سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 44 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور الزاری جوزف نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ روماریو شیفرڈ اور روسٹن چیز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

واضح رہے کہ افغان ٹیم کی قیادت راشد خان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حضرت اللہ زازئی، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، اکرام علی خیل، اصغر افغان، نجیب اللہ زدران، محمد نبی، شراف الدین اشرف، یامین احمد زئی اور مجیب الرحمان شامل ہیں۔

ویسٹ انڈین ٹیم کی قیادت کیرن پولارڈ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شئی ہوپ، ایوین لوئس، شمرون ہت مائر، برینڈن کنگ، نکولس پورن، روسٹن چیز، کیمو پال، روماریو شیفرڈ، الزاری جوزف اور ہیڈن واش شامل ہیں۔

مزید : کھیل