”فیم فرینڈز کپ2021“ لاہور سٹی نے ٹاؤن شپ یونائٹیڈ کو ہرا دیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر)فیم فٹ بال کلب کے زیراہتمام ”فیم فرینڈز کپ2021“ کے چھٹے میچ میں لاہور سٹی ایف سی نے ٹاون شپ یونائیٹڈ کو ایک صفر سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرلیا۔ فیم فٹ بال گراونڈ ماڈل ٹاون لاہور میں کھیلے گئے میچ میں شائقین کو ایک اور کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف گول کے لئے خوب زور لگایا مگر فتح لاہور سٹی فٹ بال کلب کا مقدر بنی۔ میچ کا واحد گول لاہور سٹی ایف سی کے کھلاڑی معیز نے اسکور کیا۔ ٹورنامنٹ آرگنائزنگ سیکرٹری شمائل انجم کے مطابق لاہور میں فٹ بال میلہ سجانے پر فٹ بالرز اور شائقین بے حد خوش ہیں اور صدر فیم فٹ بال کلب ضیاء عارف ڈوگر کے اس اقدام کے انتہائی معترف ہیں۔ ایونٹ کے چھٹے روز نیو وکٹوری ایف سی اور کینٹ یونائیٹڈ مدمقابل ہونگی۔