حضور پاک ؐ کا نظام زندگی ہدایت کا سرچشمہ ہے،ذکر اللہ مجاہد

حضور پاک ؐ کا نظام زندگی ہدایت کا سرچشمہ ہے،ذکر اللہ مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ محمد ؐ کی پیدائشِ مبارکہ سے لیکر وفات تک کے تمام گوشوں اور آپؐ کی ذات مقدس وصفات عالیہ، عبادات ومعاملات، فضائل ومعجزات، احوال وارشادات کائنات کیلئے باعث رحمت اور امت کیلئے دنیا و آخر ت میں کامیابی کی ضمانت ہیں۔ دنیا میں جتنے بھی پیغمبر رب کائنات نے مبعوث فرمائے سب نے خداوند کریم کی وحدانیت کا پیغام دیا کہ اللہ واحد لا شریک ہے اور اس کے علاوہ کوئی معبود نہیں اور یہی پیغام نبی آخر الزماں ؐ، احمد مجتبیٰؐ،محمد مصطفی ؐ نے بھی دیا اور کعبہ کو بتوں سے پاک کردیا گیا۔آپؐ کا دیا ہوا نظام زندگی قیامت تک کے انسانوں کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی اور آرسوسائٹی میں '' نبیؐ کی سیاست اور اسلامی ریاست'' کے اعنوان سے سیرت النبیؐکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں سید احسان اللہ وقاص، امیر زون 167چوہدری محمد اقبال، امیراین سی 342رحمان پارک بی او آر سوسائٹی سید برہان حسین، بلدیاتی نمائندے غلام مصطفی، معروف مذہبی سکالر پروفیسر محمد یحی سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی۔


 میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کا نظام چاہتی ہے۔ ملک و قوم کے تمام مسائل اور دکھوں کا مداواصرف اور صرف قرآن و سنت کے نظام کے نفاذسے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نعرے تو ریاست مدینہ کے بلند کرتی ہے لیکن اس کی عملی شکل کہیں نظر نہیں آتی۔ ہمارے حکمرانوں کے تبدیلی اور مدینہ کی ریاست کے اعلانات اور دعوے صرف تقاریر اور خطابات تک محدود ہیں جو ایک افسوسناک امر ہے۔امیر لاہور نے شرکاء  کانفرنس میں قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دیانتدار قیادت ہی عوام کے مسائل کو حل کرسکتی ہے۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور سودی نظام کے خلاف جماعت اسلامی کاساتھ دے۔ عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے جماعت اسلامی کی قیادت کو موقع دیا تو انشاء  اللہ قرآن و سنت کے نظام کو نافذ کر کے ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے اور قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔