شوگر ملز جان بوجھ کر کرشنگ شروع نہیں کر رہیں،جمشید چیمہ

شوگر ملز جان بوجھ کر کرشنگ شروع نہیں کر رہیں،جمشید چیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے حلقہ این اے 133سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ملک میں موجود 80 میں سے 70 شوگرملیں آصف زرداری،نوازشریف خاند انو ں، ان کے عزیز و اقارب یا دوستوں کی ہیں، حکومت سے بغض کی وجہ سے کرشنگ سیزن یکم نومبر کو شروع نہیں کیا گیا بلکہ جو ایک مہینے کا سٹاک موجود تھااسے بھی چھپا دیا گیا،اب ریاست حرکت میں آئی ہے اور ان کی چوری کو عوام کے سامنے لایا جارہاہے،این اے 133 میں ووٹر لسٹوں میں وسیع پیمانے پر بے ضابطگیاں ہیں جن کے خلاف درخواست دائر کر دی ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے حلقہ این اے 133کے مرکزی دفترمیں انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 اس موقع پر پارٹی کی رہنماو رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ سمیت دیگربھی موجود تھے۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ جادو اورچمک سے کام چلایا ہے لیکن اب اس روایت کو پروان نہیں چڑھنے دیں گے۔ این اے 133کے حلقے میں فی بلاک کوڈ40سے50ووٹ اور فی یونین کونسل تقریباً 2800سے وو ٹ ایسے ہیں جو اس حلقے کے رہائشی ہیں لیکن کسی دوسرے حلقے میں درج ہیں اور اسی طرح جوباہر کے حلقوں کے ہیں وہ یہاں پر درج کردئیے گئے۔اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن کو بھی درخواست کی ہے کہ اسے درست کیا جائے اورتب تک انتخابی عمل کو موخرکیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں اکیس سالوں سے اس ملک میں کاروبارکررہاہوں لیکن میرے اوپر کرپشن،منی لانڈرنگ یاجائیدیں چھپانے کاکوئی الزام یا کیس نہیں ہے،ایک تکنیکی غلطی کی بنیادپر ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل سے باہر نہیں کیا جا سکتا۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اگر اس ملک میں صحیح معنوں میں جمہوریت لانی ہے تو درست ووٹرلسٹیں اس کا ٹول ہیں۔ ایک جماعت نے ووٹ کوعزت دو کا ترانہ توبنالیالیکن جب انتخابی اصلاحات کے ذریعے ووٹ کو عزت دینے کی بات ہوتی ہے تو میں نہ مانوں کی رٹ لگادی جاتی ہے اورعوام ان کے چہرے اچھی طرح پہچانتے ہیں۔جب تک ووٹرلسٹوں کی بے ضابطگیاں دور نہیں ہوتیں الیکشن کمیشن مذکورہ حلقے میں انتخابی عمل کوموخر کرے۔