ایپکا کا سول سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا،ٹریفک نظام درہم برہم
لاہور(خبرنگار) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) نے مرکزی صدر حاجی محمد ارشاد چودھری کی قیادت میں مطالبات کے لئے سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا شروع کر دیا۔ دھرنے سے قبل استنبول چوک ٹاؤن ہال تا سول سیکرٹریٹ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور بعد ازاں سول سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا دے دیا۔ رانا محمد افضل، افتخار رسول، محبوب علی بھٹی، سخاوت حسین، شاہ حسین، اعجاز میر، خرم بھٹی، چودھری ممتاز احمد، محمد یونس بھٹی، لالہ محمد اسلم، رانا سجاد و دیگر قائدین و کارکنوں نے خطاب کیا۔ ارشاد چودھری نے کہا کہ حکومت نے 2018 ء سے اب تک ایپکا کے ساتھ مذاکرات کے نتیجہ میں کئے گئے وعدوں سے انحراف کیا، پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے اے ڈی پی ملازمین و دیگر محکمہ جات میں ریگولرائزیشن، 25 فیصد ڈی آر اے وفاق کی طرز پر،100 فیصد تنخواہ اور پنشن، گروپ انشورنش،ہاؤس رینٹ، کلریکل کی سیٹیوں کی بحالی اور ملازمین اَپ گریڈیشن سمیت دیگر مطالبات کی منظوری تک احتجاجی جاری رکھا جائے گا۔
اگر مطالبات منظور نہ کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے پنجاب بھر میں مکمل گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایپکا کے سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی دھرنے کے باعث ارد گرد کی سڑکوں پر ٹریفک نظام شدید متاثر رہا اور شہریوں کو آمدورفت میں شدید پریشانی کا سامنا کا سامنا کرنا پڑا۔