کالجوں میں سیکنڈ شفٹ شرو ع کرنے کا اعلان خوش آئند،رضا الرحمن
لاہور(لیڈی رپورٹر)سرونگ سکولز و کالجز ایسوسی ایشن کے صدر رضا الرحمن نے حکومت کی جانب سے سرکاری کالجوں میں سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کے طلبہ کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے بہترین فیصلہ کرنے پر وزرائے تعلیم میاں شفقت محمود اور راجہ یاسر ہمایوں کے مشکور ہیں،سرونگ سکول ایسوسی ایشن کے لیے اعزاز ہے کہ ہمیشہ کی طرح ہم نے بچوں کے مستقبل کو محفوظ کرنے کے لیے جو تجویز دیں حکومت اسے زیر غور لائی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بلاشبہ یہ فیصلہ طلبہ کے مستقبل کے لیے ایک بہترین اقدام ثابت ہوگا،اس فیصلے سے طلبہ کی ایک بڑی تعداد جو کالجز میں داخلے کے حصول میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے وہ مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے نتائج آنے سے قبل ہی مختلف پلیٹ فارم پر اس امر کا اظہار کردیا تھا کہ اتنی بڑی تعداد میں بچوں کے اتنے اچھے نمبر لے لینا ان کے مستقبل پر سوالیہ نشان کھڑا کر دے گا جس کے باعث وہ سرکاری کالجز میں داخلے سے محروم رہ جائیں گے۔ اسی تناظر میں تجویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت یا تو فوری طور پر کالجز کی سیٹوں میں اضافہ کرے یا پھر سیکنڈشفٹ کی کلاسز شروع کرے تاکہ بچوں کے داخلہ کے مسائل کو فوری حل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے ایک بڑی تعداد میں طلبا ء مستفید ہوں گے اور وہ اپنے تعلیمی عمل کو باآسانی جاری رکھ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ اطمینان کاباعث ہے کہ اس مرتبہ بھی سرونگ سکولز و کالجز ایسوسی ایشن نے طلبہ کے مستقبل کے لیے آواز اٹھائی اور یقینی طور پر ہماری یہ چھوٹی سی کوشش طلبہ کے مستقبل میں ان کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں کارگر ثابت ہوگی۔