سمادھی گنگارام احاطہ میں ڈسپنسری کا قیام اعلان تک محدود
لاہور(رپورٹ،حسن عباس زیدی،تصاویر ندیم احمد) متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے سمادھی گنگا رام کے احاطے میں فری ڈسپنسری کا قیام باتوں تک محدود، اہل علاقہ تاحال منتظرہیں۔ تفصیلات کے مطابق سمادھی گنگا رام میں محکمے کی جانب سے غریبوں کے مفت علاج کیلئے فری ڈسپنسری بنانے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن تاحال ڈسپنسری کا کوئی وجود اور نہ ہی کوئی یہ جانتا ہے ڈسپنسری کبھی بنے کی بھی یا نہیں اوراس کے قیام کے سلسلے میں جاری کردہ فنڈزکہاں گئے ان کو کس مد میں استعمال کیا گیا کسی کو کچھ معلوم نہیں۔دوسری جانب یہ تار یخی عمارت جو کبھی اہل علاقہ کیلئے کمیونٹی سنٹر کا درجہ رکھتی تھی اور لوگ اپنے سکھ دکھ کی تقر یبات کا انعقاد کیا کرتے تھے اب وہاں پر جرائم پیشہ افراد کا راج ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطا بق سمادھی گنگا رام میں منشیات فروشی کا کاروباربلاخوف وخطر سے کیا جا رہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔اس حوالے سے جب متروکہ وقف املاک بورڈ کے ترجمان عامر ہاشمی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ”پاکستان“کو بتایا سمادھی گنگا رام دنیا بھر کے ہندوؤں کیلئے ایک تاریخی و مقدس مقام ہے یہاں پر آنیوالے ہندو اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں، سر گنگا رام ہندوؤں کے بہت بڑے لیڈر تھے۔ مقامی ہندوؤں نے چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد کو متعدد بار شکایت کی کہ سمادھی گنگا رام کی مسلسل بے حرمتی ہورہی ہے اس بارے میں فوری کوئی اقدام کیا جائے جس کے بعد ہمیں چند سخت اقدامات کرنا پڑے، محکمے نے اہل علاقہ کے پرزور مطالبہ پراس کو اصل حالت میں بحال کیا،مستقبل میں سمادھی کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرنیکی منصوبنہ بندی کی گئی ہے،جہاں تک ڈسپنسری کے قیام کی بات ہے اس منصوبہ کو ختم کیا گیا ہے نہ ہی اس کیلئے جاری فنڈز کو کسی اور مد میں استعمال کیا گیا ہے،البتہ منصوبے میں تاخیر ضرور ہوئی ہے،لوگ جلد ڈسپنسری کو ورکنگ کنڈیشن میں دیکھیں گے۔عامر ہاشمی نے کہا یہ بات بھی سچ ہے کہ سمادھی گنگا رام میں ایک منشیات فروش نے قبضہ کیا ہوا تھا جس کو لوگوں کی شکایات کے بعد پولیس کی مدد سے واگزارکرایا جاچکا ہے اب وہاں پر منشیات فروشی کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں،جو شخص یہ کام کرتا تھا اس کیخلاف تھانہ راوی روڈ میں مقدمہ بھی درج ہے۔ تقریبات کے انعقاد پر پابندی سمادھی کی حفاظت کی خاطر لگائی گئی ہے، تالے لگانے کا تعلق بھی اسکی حفاظت کے پیش نظر اُٹھایا گیا، سکیورٹی گارڈ 24گھنٹے ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔
سمادھی گنگارام