جس معاشرے میں انصاف نہ ہو وہ قائم نہیں رہ سکتا، قاسم سوری
اسلام آباد (آن لائن) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ کوئی بھی معاشرہ جس میں انصاف نہ ہو قائم نہیں رہ سکتا۔ موجودہ حکومت عدالتی نظام کو مضبوط بنانے، امیر اور غریب کو بلا تفریق فوری، سستے اور بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انصاف لاء فورم کے سینئر وکلا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ وکالت کا پیشہ مقدس پیشہ ہے اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح بھی اسی پیشے سے وابستہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ایک بااصول، باکردار اور مثالی شخصیت کے مالک تھے اور انہوں نے وکالت کے پیشے میں اپنے اصولوں اور حق گوئی کی بدولت ایک منفرد مقام حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے عدالتوں میں دئیے گئے دلائل آج بھی ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور عدلیہ کی آزادی میں وکلا کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں بھی وکلا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،انہوں نے کہا کہ ملک میں عدالتی نظام کو مضبوط بنانا اور عوام کو بلا تفریق فوری اور سستے انصاف کی فراہمی وزیر اعظم عمران خان کا ویڑن ہے۔ انہوں نے انصاف لاء فورم کے وکلاء کو اس ویڑن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وفد کے شرکاء نے ڈپٹی سپیکر کا شکریہ ادا کیا اور موجودہ حکومت کی جانب سے ملک میں فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔
قاسم خان سوری