ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں ٹریفک قوانین بارے آگاہی سیمینار

ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں ٹریفک قوانین بارے آگاہی سیمینار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       پشاور(کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی ایس پی ایم ایل اے انیلہ ناز اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیم نے طلباء و طالبات کو آگاہی دی۔ آگاہی سیمینار میں اساتذہ' طلباء و طالبات اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ڈی ایس پی ایم ایل اے انیلہ ناز اور ٹیم نے سیمینار کے دوران طلبہ کو روڈ سیفٹی' زیبرا کراس' سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال اور فوائد سمیت ڈرائیونگ کے اصول اور احتیاطی تدابیر بارے آگاہی دی اور کہا کہ دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس مختلف اوقات میں مختلف اداروں میں جا کر طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ دوران ڈرائیونگ روڈ سیفٹی و سیکیورٹی کا خاص خیال رکھتے ہوئے صبر و تحمل سے ٹریفک اصولوں کے مطابق گاڑی چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھ کر لائن ڈسپلن اور دوسری گاڑیوں کا خیال رکھتے ہوئے گاڑی چلائیں دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی عملداری سے ہی حادثات پر قابوپایا جاسکتا ہے منظم ٹریفک کسی بھی مہذب معاشرے کی عکاس ہوتی ہے جبکہ پیشہ ورانہ تربیت کسی بھی درپیش صورتحال کابہتر طور پر سامنا کرنے کا محور ہے انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری حادثات پر مؤثر قابو پانے کا ضامن ہے جبکہ پیشہ ورانہ تربیت کسی بھی درپیش صورتحال کا بہتر طور پر سامنا کرنے کا محور ہوتا ہے۔