قونصلیٹ جنرل ٹورنٹو میں یوم اقبال پر کانفرنس کا انعقادکیاگیا

قونصلیٹ جنرل ٹورنٹو میں یوم اقبال پر کانفرنس کا انعقادکیاگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ٹورنٹو(این این آئی) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، ٹورنٹو نے انٹرنیشنل اقبال سوسائٹی کے تعاون سے  یوم اقبال 2021 کی مناسبت سے "فکر اقبال اور دور جدید" کے عنوان سے ایک بین الاقوامی آن لائن کانفرنس کا انعقاد کیا۔ نامور مقررین میں ڈاکٹر اسلم انصاری(پاکستان) شامل تھے، پروفیسر ڈاکٹر عبدالحق (بھارت)، پروفیسر ڈاکٹر شریف بقا (برطانیہ)،ڈاکٹر تقی عابدی (کینیڈا)، احمد جاوید (پاکستان)،ڈاکٹر علی ربانی (ایران)، پروفیسر ڈاکٹر سہیل عمر (پاکستان)، پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین (پاکستان)،محترمہ ذکیہ غزل(پاکستان)،پروفیسر حلیل ٹوکر (ترکی)، ڈاکٹر طاہر حمید تنولی (پاکستان)، ڈاکٹر محمود الاسلام (بنگلہ دیش) اور پروفیسر ڈاکٹر خالد سنجرانی (پاکستان) شامل تھے۔ تلاوت کلام پاک اور کلام اقبال  وسیم ہارون اور محترمہ ذکیہ غزل نے پیش کیا۔ٹورنٹومیں پاکستان کے قونصل جنرل عبدالحمید اور انٹرنیشنل اقبال سوسائٹی کے بانی نعمان بخاری نے شرکاء کا خیرمقدم کیا۔ قونصل جنرل عبدالحمید نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ اقبال نے نوآبادیاتی تسلط کے خلاف مزاحمت کے لیے اسلامی تہذیب کے بیانیے کو آگے بڑھایا،ان کی مضبوط داستان دنیا کے تمام مظلوموں کے لیے امید کی کرن بنی رہی۔ قونصل جنرل نے کہا کہ اقبال کی تعلیمات کو انتہائی قوم پرستی، نسل پرستی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے جس نے جدید دنیا کو دوچار کر رکھا ہے۔ مقررین نے اقبال کے سیاسی فلسفے اور تعلیمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اقبال کے سیاسی افکار کی بنیاد قرآن پاک کی تعلیمات پر ہے۔ ان کی تعلیمات وقت کی پابند نہیں تھیں اور جدید دنیا کے مسائل کا حل پیش کر سکتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقبال اور ان کی تعلیمات کو نوآبادیاتی ذہنیت کے خلاف عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا تھا۔ مقررین نے کہا کہ اقبال نے اسلامی معاشرے کے لیے سیاست کے اصول مغربی سیاسی فلسفہ اور اسلامی تصور حکومت کی روشنی میں مرتب کیے جو آنے والی نسلوں کے لیے درست رہے۔