سندھ ہائی کورٹ نے لیاری میں 7منزلہ رہائشی عمارت گرانے کا حکم دیدیا
کراچی(آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے لیاری میں 7منزلہ رہائشی عمارت گرانے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ بلڈر کے خلاف فوجداری اور ایس بی سی اے کے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔سندھ ہائی کورٹ میں لیاری میں 7منزلہ عمارت کی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت نے کہا ایس بی سی اے افسران کی ملی بھگت کے بغیر کیسے عمارتیں بن جاتی ہیں، ساڑھے 3سال میں ایس بی سی اے نے جواب جمع نہیں کرایا۔عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ وہاں 7منزلہ عمارت بن گئی جہاں گراونڈ پلس ٹو سے زیادہ کی اجازت نہیں، کیسے ممکن ہے ایس بی سی اے کے افسران کی آشیر باد کے بغیر کام کیا ہو۔ایس بی سی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ لیاری کا علاقہ ہے، ایک ہفتے سے وقت بڑھایا جائے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لیاری جیسے علاقے میں ہی یہ سب ہورہا ہے، لیاری سے بڑے بڑے نام پیدا ہوئے، اصل کراچی تھا ہی لیاری جس کو جرائم کا گڑھ بنا دیا گیا ہے۔سندھ ہائی کورٹ نے عمارت سربمہر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا بلڈر کے خلاف فوجداری اور ایس بی سی اے کے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
سندھ ہائی کورٹ