مشاورت کے بغیر کوئی نوٹیفکیشن قابل عمل نہیں ، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن امارات چودھری ظفر اقبال
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے آپسی اور اندرونی اختلافات ایک بار پھر سامنے آگئے۔ بیرسٹر امجد ملک کی مداخلت پر آپسی اختلافات قدرے ختم ہوئے تھے لیکن چند غلط فیصلوں کی وجہ سے پی ایم ایل این کے دونوں دھڑے ایک بار پھر مد مقابل آگئے ہیں۔ دبئی کے ہوٹل میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں جنرل سیکرٹری پی ایم ایل این متحدہ عرب امارات چودھری ظفر اقبال نے کہا کہ آپسی معاملات کو بطریق احسن سلجھانے کے لیے غلام مصطفی مغل صدر پی ایم ایل این امارات نے انہیں اپنے گھر بلایا اور کچھ نئے عہدوں اور نوٹیفکیشنز پر دستخط کرنے کے لیے کہا۔
چودھری ظفر اقبال نے کہا کہ جب تک تمام ساتھیوں کی مشاورت نہیں ہوگی یہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیے جاسکتے۔ اس موضوع پر بحث ہوئی تو پریس سیکرٹری ابوبکر آفندی نے چودھری ظفر اقبال کے ساتھ بدتمیزی کی اور ہتک آمیز رویہ اختیار کیا۔ اس موقع پر صدر غلام مصطفی مغل، چیئرمین محمد غوث قادری اور سینئر نائب صدر خواجہ عبدالوحید پال بھی موجود تھے۔ جنرل سیکرٹری چودھری ظفر اقبال نے اپنے ساتھیوں عبدالمجید مغل سینئر نائب صدر، سہیل عامر گھمن صدر دبئی یونٹ، محمد شہزاد بٹ، حاجی محمد نواز، شوکت بٹ، غلام محی الدین، راجہ خالد محمود ، راجہ جمیل بنگیال اور دیگر متعدد ساتھیوں کی موجودگی میں متذکرہ ناخوشگوار واقعہ پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت اس بات کا نوٹس لے اور پریس سیکرٹری ابوبکر آفندی کو معطل کیا جائے۔ چودھری ظفر اقبال کے ساتھیوں نے بھی متذکرہ ناخوشگوار واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعے کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔
اس موقع پر جنرل سیکرٹری چودھری ظفر اقبال نے کہا کہ یکطرفہ اور فرد واحد کے فیصلوں نے پی ایم ایل این کی ساکھ کو خراب کیا ہے۔ غلام مصطفی مغل حسب سابق اب بھی اپنی من مرضی کے فیصلے کررہے ہیں اور جنرل سیکرٹری سے مشاورت نہیں کی جارہی اور نہ ہی دیگر ساتھیوں کو اعتماد میں لیا جارہا ہے جس کی وجہ سے امارات میں پی ایم ایل این کا اعتماد مجروح ہورہا ہے اور کارکن مایوس ہورہے ہیں۔ حال ہی میں عجمان یونٹ کو ختم کر کے نئے عہدیداروں کا اعلان کیا گیا ہے جس میں جنرل سیکرٹری کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ چودھری ظفر اقبال نے کہا کہ فرد واحد کی مرضی اور یکطرفہ فیصلے ہرگز نہیں چلیں گے۔ پریس کانفرنس میں پی ایم ایل این کی لندن قیادت سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔