پاک بھارت ٹاکرے میں کے ایل راہول کو آوٹ کرنے والی گیند کا مشورہ کس نے دیا ، شاہین شاہ آفریدی نے بتا دیا
دبئی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ جس گیند پر کے ایل راہول کو آؤٹ کیا وہ خاص تھی ، اس گیند کا مشورہ شعیب ملک نے دیا تھا۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق برطانوی اخبار کو انٹرویو میں شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ شعیب ملک نے مشورہ دیا کہ کے ایل راہول کو فل بال پھینکو، لینتھ بال کرنے کی کوشش کرو ، میں نے کہا کہ پہلا اوور ہے ، اتنا سوئنگ نہیں ہے مگر کوشش کرتا ہوں۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ میں اس وقت انتہائی پرجوش تھا جب فینز آفریدی آفریدی کے نعرے لگا رہے تھے ، شعیب ملک 22 سال سے کرکٹ کھیل رہے ہیں ، ہم ان سے سیکھ رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ 24 اکتوبر کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں پاک بھارت ٹاکرا ہوا تھا جہاں شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر روہت شرما کو ایل بی ڈبلیو کر دیا جبکہ اپنے اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر کے ایل راہول کو بھی کلین بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھائی ۔ ٹاپ آرڈر اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی شاہین شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کو کیچ تھما کر چلتے بنے ۔
شاہین نے اس میچ میں 3 کھلاڑی میدان بدر کئے جبکہ میچ کے ابتدائی اوورز میں ہی دو اہم ترین وکٹیں حاصل کر کے بھارتی ٹیم کو محتاط انداز میں کھیلنے پر مجبور کرنے پر شاہین شاہ آفریدی پلیئر آف دی میچ کے حق دار بھی قرار پائے ۔
بھارتی ٹیم نے اس میچ میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے تھے ۔ حسن علی نے دو جبکہ شاداب خان اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو میدان بدر کیا ۔
پاکستان کے اوپنرز کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نےبغیر کسی نقصان کے 17.5 اوورز میں 152 رنز بنا کر تاریخ رقم کی ۔