دل کے ارماں آنسوؤں میں بہہ گئے، شاہین سعید اجمل کا بدلہ نہ لے سکے، لگاتار 3 چھکے ، کینگروز فائنل میں پہنچ گئے
دبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن )آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 176رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف انیسویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا ۔ سیمی فائنل میں شاہین سعید اجمل کا بدلہ نہ لے سکے۔ویڈ نے مائیک ہسی کی یاد تازہ کردی، شاہین آفریدی کو تین چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو میچ جتوا دیا۔
تفصیل کے مطابق آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ پاکستان کی جانب سے پہلی وکٹ کپتان بابر اعظم کی گری جو کہ 34گیندوں پر 39سکور بنا کر زیمپا کی گیند پرچھکا مارتے ہوئے باونڈری سے کیچ آ وٹ ہوئے۔محمد رضوان نے عمدہ کھیل پیش کیا اور 52گیندوں پر67سکور بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے ۔آصف علی پہلی ہی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش کرتے ہوئے کیچ آوٹ ہوئے ۔شعیب ملک ایک سکور بنا کر آوٹ ہوئے ۔فخر زمان عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32گیندوں پر 55رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے دو جبکہ پیٹ کیومنز اور ایڈم زیمپا نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی ۔
پاکستان کی جانب سے مطلوبہ ہدف کے جواب میں آسٹریلیا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ایرون فنچ کو آوٹ کر کے آسٹریلیا پر دباﺅ بڑھا یا ۔اس کے بعد مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے اچھی پارٹنر شپ لگائی لیکن پھر مچل مارش شاداب خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے ۔ان کے بعد آنے والے سٹیو سمتھ اچھی کارکردگی کامظاہرہ نہ کرسکے اور5سکور بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے ۔گیارہویں اوور میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرنے والے ڈیوڈ وارنر 49سکور بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے ۔گلین میکسول بھی اچھی بلے بازی کرنے میں ناکام رہے اور سات سکور بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔مارکس سٹونیز 40اور میتھیو ویڈ41سکور بنا کرناٹ آ وٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے اپنے چار اوور ز میں 26سکور دے کر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔