شاہد آفریدی نے بھی کیچ ڈراپ کو شکست کی وجہ قرار دے دیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی حسن علی کے کیچ ڈراپ کو شکست کی وجہ قرار دے دیا۔
نجی ٹی وی سما سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ نہ ہوتا تو صورت حال مختلف ہوتی، اگر حسن علی یہ کیچ کرلیتے تو لوگ ان کا پچھلا اوور بھول جاتے۔ آسٹریلیا نے ہمیں میچ جیتنے کے کئی موقعے دیے لیکن ہم ان سے فائدہ نہیں اٹھا سکے، آسٹریلین کھلاڑیوں نے دکھادیا کہ وہ بڑے میچ کے کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سپنرز نے اچھی باؤلنگ کی، شاداب خان نے اچھا پلان کرکے باؤلنگ کی۔
خیال رہے کہ سیمی فائنل میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی ہے۔ آسٹریلین ٹیم نے 177 رنز کا ہدف چھ گیندیں پہلے ہی پورا کرلیا۔ میچ کے 19 ویں اوور میں حسن علی نے میتھیو ویڈ کا کیچ چھوڑا تو انہوں نے اگلی تین گیندوں پر لگاتار تین چھکے لگا کر یقینی شکست کو فتح میں بدل دیا۔