نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل پاکستان کی سب سے بڑی سکرین پر دکھایا گیا
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب نے کھیلوں کے فروغ کےلئے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا سیمی فائنل نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں دبئی سے براہ راست پاکستان کی سب سے بڑی سکرین پر دکھایا گیا ، اس موقع پر ہزاروں شائقین میچ کے لمحات سے لفط اندوز ہوتے رہے۔
نیشنل ہاکی سٹیدیم میں مہمان خصوصی صوبائی وزیرکھیل وامورنوجوانان رائے تیمورخان بھٹی تھے انہوں نے شائقین کو خوش آمدید کہا، اس موقع پرسیکرٹری سپورٹس پنجاب فواد اہاشم ربانی اور ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان نے بھی شائقین کرکٹ کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، اس موقع پر شائقین کرکٹ کا جوش و جذبہ دیدنی تھا ،ہزاروں کی تعداد میں شائقین نے فیملیز کے ساتھ میچ دیکھا، میچ دکھانے کے لئے محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب نے بہترین انتظامات کئے ہوئے تھے، کھانے پینے کے سٹالز بھی لگائے گئے تھے،شائقین کرکٹ نے بڑی سکرین پر میچ پرجوش انداز میں دیکھا، نیشنل ہاکی سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا، شائقین نے قومی کھلاڑیوں کو شاندار کھیل پر بھرپور داد دی، میچ دیکھنے کے لئے فیملیز کی بڑی تعداد چھ بجے سے پہلے ہی نیشنل ہاکی سٹیڈیم پہنچ گئی تھی،نوجوانوں اور شائقین کرکٹ نے میچ کا بھرپور لطف لیا۔