احتساب عدالت کراچی شرجیل میمن ودیگر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس  میں  رپورٹ پیش نہ کرنے پر برہم، آج 3بجے تک جمع کرانے کا حکم

Nov 11, 2024 | 10:53 AM

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)احتساب عدالت شرجیل میمن و دیگر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس  میں  رپورٹ پیش نہ کرنے پر برہم ہو گئی، عدالت نےنیب حکام پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگرآج بھی رپورٹ جمع نہ کرائی تو چیئرمین نیب کو لکھیں گے،آج ہر صورت اثاثوں کا تخمینہ لگا کر 3بجے تک رپورٹ دیں۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق احتساب عدالت کراچی میں شرجیل میمن و دیگر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس کی سماعت ہوئی،عدالتی حکم کے باوجود نیب تفتیشی افسر رپورٹ پیش نہ کر سکے،عدالت نےنیب حکام پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے عدالت کو کیا سمجھ رکھا ہے،نیب کے تاخیر ی حربے اور چالاکی سمجھتے ہیں،آپ کو 3دن کا وقت دیا تھا، کیوں رپورٹ جمع نہیں کرائے،اگرآج بھی رپورٹ جمع نہ کرائی تو چیئرمین نیب کو لکھیں گے،ہمیں پتہ ہے عدالت کے باہر آپ نیب والے کمنٹس دیتے ہیں،مجھے پتہ ہے یہ جان بوجھ کر ایسا کررہے ہیں،آج ہر صورت اثاثوں کا تخمینہ لگا کر 3بجے تک رپورٹ دیں،آج اگر عدالت 8بجے تک کھلتی ہے تو کھلی رہے گی،نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ ہمیں مزید مہلت دی جائے،عدالت نے پراسیکیوٹر کی سرزنش کرتے ہوئے کہاکہ کوئی مہلت نہیں دی جائے گی، آپ نے اعتبار کھو دیا، اپنے سٹاف کو بھی بارہا کہا کہ آپ کو یاد دلائیں، عدالت نے نیب کواثاثوں کے تخمینہ لگانے کا حکم دیدیا اور سماعت 3بجے تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں