پراپرٹی ٹیکس ریٹ میںفوری طور پر کمی لائی جائے‘ صدرلاہور چیمبر

پراپرٹی ٹیکس ریٹ میںفوری طور پر کمی لائی جائے‘ صدرلاہور چیمبر

لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس میں فوری طور پر کمی لائی جائے ۔ ایم این اے پرویز ملک اور سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ اگر پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں فوراً کمی نہ کی گئی تو کاروباری برادری کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر، نائب صدر سید محمود غزنوی، سابق صدور شیخ محمد آصف، محمد علی میاں، سابق سینئر نائب صدور عرفان اقبال شیخ اور میاں طارق مصباح نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اس موقع پر ایک چھ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس میں ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے، لاہور چیمبر کے نائب صدر سید محمود غزنوی، سابق صدور شیخ محمد آصف، محمد علی میاں اور ایگزیکٹو کمیٹی ر±کن ناصر سعید شامل ہونگے۔ سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے ڈائریکٹر جنرل کو مختلف مارکیٹوں کے نمائندوں سے رابطہ کرکے فیڈ بیک لینے کی ہدایت کی۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ لاہور چیمبر کے بہت سے ممبران نے پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں اضافے کی شکایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رورل ایریاز میں ٹی ایم اوز نے انڈسٹری کو فٹ کے حساب سے نوٹسز جاری کیے ہیں جو غیر منصفانہ ہے ۔ رورل اور اربن ایریاز کی صنعتوں سے یکساں سلوک ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پراپرٹی ٹیکس ریٹ ریٹ کم نہ کیا گیا تو معاشی انفراسٹرکچر کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ڈیوس روڈ اور ایم ایم عالم روڈ کو اے کیٹگری میں شامل کردیا گیا ہے حالانکہ ایم ایم عالم روڈ پر پراپرٹی کی کمرشل ویلیو کہیں زیادہ ہے۔ اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ حکومت پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ کے ذریعے تاجر برادری کو درپیش مسائل حل کرے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ کاروباری برادری پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں اضافہ قبول کرنے کو تیار نہیں، دھرنوں اور سیلاب نے پہلے ہی کاروبار تباہ کررکھے ہیں جبکہ پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں اضافہ مسائل میں مزید اضافے کا سبب بن رہا ہے۔

سید محمود غزنوی نے کہا کہ حمزہ شہباز شریف سے ا±ن کی حالیہ ملاقات بہت مفید نتائج کی حامل رہی اور انہوں نے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بہت سے تاجر دوست اقدامات اٹھائے ہیں لہذا امید ہے کہ پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں کمی لاکر تاجر برادری کے مسائل کم کیے جائیں گے۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر شیخ محمد آصف نے کہا کہ حکومت پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں اضافے کا مسئلہ فورا حل کرے کیونکہ اس سے تاجر برادری میں بے چینی پھیل رہی ہے۔ سابق صدر محمد علی میاں نے کہا کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے غیرمعمولی اضافے کے ساتھ نوٹسز جاری کردئیے اور بعد ازاں پچاس فیصد اضافے کے نوٹس جاری کیے گئے ، نوٹس جاری کرنے کا عمل درست کیا جائے۔ اجلاس میں لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین خواجہ خاور رشید، طلحہ طیب بٹ، مقصود احمد بٹ، ناصر سعید، شہزاد سعید اور رضوان اختر بھی موجود تھے۔

مزید : کامرس