ڈاکٹر ادارے کو ڈینگی فری بنانے کےلئے لاروا سرویلنس مہم تیز کریں،ڈاکٹر فاروق
لاہور(کامرس رپورٹر)میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سر گنگا رام ہسپتال ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ نے انتظامی ڈاکٹروں اور سینٹری انسپکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ادارے کو ڈینگی فری بنانے کے لئے لاروا سرویلنس مہم کو مزید تیز کر دیں اور ڈینگی کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے عوام میں حفظان صحت کے اصولوں اور صفائی ستھرائی کا شعور اجاگر کرنے کا سلسلہ بدستور جاری رکھیں - گزشتہ روز انتظامیہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی پر موجود اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس ڈینگی بخار میں مبتلا ہو کر آنے والے افراد کو تمام طبی و تشخیصی سہولیات کی بلا تاخیر فراہمی اور نگہداشت کے پابند ہوں گے - ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ نے کہا کہ اگر ہسپتال کے کسی کونے میں گندگی یا کھڑا پانی پایا گیا تو ڈیوٹی پر موجود سینٹری انسپکٹر کے خلاف سخت ایکشن ہو گا - انہوں نے واضح کیا کہ ڈینگی وائرس کے شکار مریضوں کے علاج معالجہ میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔