اسلام آبا دپولیس کا دھرنوں سے نمٹنے کے لیے نیا پلان مرتب ،منظوری کے لیے وزیر داخلہ کو ارسال

اسلام آبا دپولیس کا دھرنوں سے نمٹنے کے لیے نیا پلان مرتب ،منظوری کے لیے وزیر ...

                  اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد پولیس نے دھرنوں سے نمٹنے کیلئے طویل مشاورت کے بعد ایک نیا پلان ترتیب دیا ہے جو حتمی منظوری کیلئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو بھجوادیا گیا ہے۔ اس پلان کے تحت پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکنوں سے نمٹا جائے گا۔ ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ دونوں جماعتوں کے کارکنوں کو جلسوں اور دیگر پروگراموں میں شرکت سے روکنے کیلئے نئے سکیورٹی سسٹم کے تحت اقدامات کئے جائیں گے جس میں پنجاب پولیس کو کم سے کم استعمال کیا جائے گا جبکہ رینجرز کی اضافی نفری کو استعمال میں لایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی اور دیگر مقامات پر حملوں میں مبینہ طور پر ملوث کارکنوں کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد پولیس نے فہرستیں تیار کرلی ہیں ان کو بھی گرفتار کیا جائے گا جبکہ دہشت گردی عدالت بعض کارکنوں کی پیش کیلئے گوجرانوالہ پولیس کو عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے دھرنوں تک رسائی دی جائے گی۔ عوامی تحریک کے سربراہ کو گرفتاری دینے کیلئے خط بھی لکھا جائے گا۔ پلان میں کافی ہدایات خفیہ رکھی گئی ہیں جن کو حتمی منظوری کیلئے وفاقی وزیر داخلہ کو بھجوایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کی منظوری کے بعد آئندہ 48 گھنٹوں میں نئے سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کردیا جائے گا۔

مزید : صفحہ اول