شہبازشریف کی ملالہ یوسفزئی کو امن کا نوبل انعام جیتنے پر مبارکباد

شہبازشریف کی ملالہ یوسفزئی کو امن کا نوبل انعام جیتنے پر مبارکباد


لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے امن کا نوبل انعام جیتنے پر ملالہ یوسفزئی کو مبارکباددی ہے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ ملالہ یوسفزئی کوامن کا نوبل انعام ملنا پاکستان کیلئے قابل فخر بات ہے۔ملالہ یوسفزئی کیلئے امن کا نوبل انعام پاکستان کے18کروڑ عوام کیلئے مشترکہ اعزاز ہے ۔انہوں نے کہا کہملالہ یوسفزئی پاکستان کی بیٹی ہے اور آج اس بیٹی نے ایک بار پھرپوری دنیا میں ملک و قوم کا نام بلند کردیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسفزئی نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ محنت،دیانت اورسچے جذبے سے مشکل سے مشکل کام بھی آسان ہوجاتاہے۔بلاشبہ ملالہ یوسفزئی کو امن کانوبل انعام ملنے پر مجھے دلی مسرت اورخوشی ہوئی ہے ۔وزیراعلیٰ نے ملالہ یوسفزئی کے والدین اور اہل خانہ کو بھی مبارکباددی ہے ۔پنجاب حکومت نے صوبے میں ایک نئی یونیورسٹی ملالہ یوسفزئی کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ملالہ یوسفزئی کی تعلیم کے فروغ کیلئے بے مثال جدوجہد اورقربانی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کیا گیا ہے ۔

مزید : صفحہ اول