آصف زرداری کی نوبل ایوارڈ جیتنے پر ملالہ اور قوم کو مبارکباد

آصف زرداری کی نوبل ایوارڈ جیتنے پر ملالہ اور قوم کو مبارکباد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور،اسلام آباد (خصوصی رپورٹ ، نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملالہ یوسفزئی کو نوبل انعام جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ بلاول ہاﺅس لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں آصف زرداری نے کہا ہے کہ ملالہ یوسفزئی اور عوام پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف ہیں۔آج پاکستان کیلئے ایک بڑی کامیابی کا دن ہے۔ امن کا نوبل انعام ملالہ یوسفزئی کو ملنا بڑی کامیابی ہے ۔ ملالہ یوسفزئی کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ اہم کامیابی ہے ۔ سابق صدر نے مزید کہا کہ ملالہ کا یہ ایوارڈ جیتنا ان کی بہادری اور چھوٹے ذہنوں کے سامنے کھڑے ہونے کا مظہر ہے۔ یہ ایوارڈ ان انتہاپسندوں اور عسکریت پسندوں کو مسترد کرنا بھی ہے جنہوں نے لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی لگائی اور ملالہ کی زندگی اس لئے اجیرن کر دی کہ ملالہ اپنے لئے اور اپنی جیسی دیگر پاکستانی لڑکیوں کے لئے تعلیم کا حق چاہتی تھی۔ یہ چھوٹی معصوم اور بہادر لڑکی دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنائی گئی کیونکہ وہ تعلیم حاصل کرنا چاہتی تھی۔ پاکستان کے عوام اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں کہ اس نے ملالہ کی زندگی بچائی۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے عوام بین الاقوامی برادری کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے ملالہ کو عزت بخشی اور نوبل انعام کا حقدار ٹھہرایا۔ اس سے بین الاقوامی برادری کے اس عزم کا بھی اظہار ہوتا ہے کہ وہ تمام دنیا اور خاص طور پر پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کے لئے مخلص ہیں۔ اس ایوارڈ سے اس بات کی یاددہانی بھی ہوتی ہے کہ پاکستان میں جنگ نیکی اور بدی کی قوتوں کے درمیان ہے اور اس جنگ میں روشن خیال، معتدل اور ترقی پسند قوتیں عسکریت پسندی، تباہی اور جہالت کی قوتوں سے نبردآزما ہیں۔ ملالہ کی جانب بچ جانا اور اسے یہ عزت نصیب ہونا ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ انتہاپسندی کا مقابلہ متحد ہوکر کیا جا سکتا ہے۔ انتہاپسندی کو شکست تعلیم کے ذریعے اور خاص طور پر ان بچیوں کی تعلیم کے ذریعے دی جا سکتی ہے جو اسکول نہیں جاتیں۔ انتہاپسند غلط طورپر اسلام کا نام استعمال کر رہے ہیں اور ہماری ترقی کو روکنا چاہتے ہیں لیکن انہیں شکست فاش ہوگی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میں پانچ سے سولہ سال کی بچے اور بچیوں کی تعلیم کو آئینی طور پر ان کا بنیادی حق تسلیم کیا گیا تھا۔ ہمارے ملک میں پانچ کروڑ بچے سکول جانے کی عمر کے ہیں لیکن ان میں سے صرف نصف سکول جاتے ہیں۔ تعلیم تک رسائی ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ ملالہ یوسفزئی کا نوبل انعام ہمیں انتہاپسندوں کے خلاف جنگ میں عزم فراہم کرتا ہے اور ہم ان بدی کی قوتوں کا مقابلہ جمہوریت، سیاسی عزم اور بین الاقوامی برادری کی مدد سے کر سکتے ہیں۔ یہ ایوارڈ نیکی کی قوتوں کے لئے فیصلہ کن کردار ادا کرے گا اور ہمیں اس ملک کی ہر ملالہ کو تعلیم دینے کا عزم مہیا کرے گا۔
آصف زرداری

مزید :

صفحہ اول -