ہم جمہوریت اور استحکامِ پاکستان کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں،یوسف رضا گیلانی

ہم جمہوریت اور استحکامِ پاکستان کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں،یوسف رضا گیلانی


ملتان (آن لائن )سابق وزیراعظم پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے جامعہ خیرالمدارس ملتان کادورہ کیا اورمولانا قاری محمد حنیف جا لندھری کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی ۔نماز جمعہ کے بعد جامعہ خیرالمدارس ملتان کے مہتمم اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سیکریٹری جنرل حضرت مولانا قاری محمد حنیف جا لندھری سے ملاقات کی ۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم جمہوریت اور استحکام ِ ِ پاکستان کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم نے حکومت کا ساتھ بھی اسی مقصد کے لیے دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم میثاق جمہوریت پر عمل پیرا ہیں۔ ہم نے اپنے حصے کا۵۸ فیصد کام کر دیا ہے ۔ اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ میثاق ِ جمہوریت کے حوالے سے ۵۱فیصد پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ’’میثاق ِ جمہوریت ‘‘ اگرچہ مُلک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان طے پایا لیکن ہم نے دیگرسیاسی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا ہے۔ ہم مفاہمت کی سیاست کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ با اُصول سیاست پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے دینی مدارس کے مثبت کردار کی تعریف کی اور کہا کہ موجودہ حالات میں علماء اپنے مثبت اعتدال پسند اور متحمل مزاج اور رویے کی بنا ء پر ملک کے لئے بہترین کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔علما ء کو اپنا کردار ادا کرنے کے لئے آگے آنا چاہیے ۔مولانا قاری محمد حنیف جا لندھری نے کہا ہے کہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اور اُن کے قائدین عوام کو متحد کرنے کیلئے اپناکردار ادا کریں۔ کسی بھی قسم کا عوامی انتشار ملک وقوم کیلئے نقصان کا باعث ہو گا۔ آئین ِ پاکستان کو چھیڑا گیا تو پاکستان کا وجود خطرے میں پڑ جائے گااور ’’وفاق پاکستان‘‘ کو ناقابل ِ تلافی نقصان پہنچے گا۔ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لئے پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا۔

مزید : صفحہ آخر