پاک امریکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس اگلے برس اسلام آباد میں بلانے پر اتفاق

پاک امریکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس اگلے برس اسلام آباد میں بلانے پر اتفاق ...

                واشنگٹن ڈی سی/ اسلام آباد (آن لائن) پاکستان اور امریکہ نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور بجلی کی پیداواری صلاحیت میں بہتری کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات میں تعاون کی غرض سے پالیسی، معاونت اور نجی شعبے کے کردار میں ہم آہنگی کے لئے ورکنگ گروپ کا آئندہ اجلاس پاکستان میں2015 ءکے اوائل میں بلانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ پاکستان کا اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی کا ایک تجارتی وفد پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور پاکستان کے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل کی قیادت میں آئندہ ہفتے امریکی ریاست کیلی فورنیا روانہ ہوگا۔جمعہ کے روز وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے واشنگٹن میں امریکی ڈپٹی سیکریٹری ولیم جے برنز اور انڈر سیکر یٹری آف اسٹیٹ برائے اقتصادی امور ، توانائی اور ماحولیات کیتھرین نویلی سے ملاقات کی ،جس دوران باہمی دلپچسپی کے مختلف تزویراتی معاملات اور اقتصادی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات امریکہ پاکستان اسٹراٹیجک مذاکرات کے معاشی و مالیاتی ورکنگ گروپ کا اجلاس کے دوران ہوئی جو کہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور امریکہ کی انڈر سیکریٹری کیتھرین نوویلی نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کی کوششوں سے متعلق بات چیت کے لئے بلایا تھا،اجلاس کا مقصد دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع اور ان شعبوں کی نشاندہی کرناتھا اورجدت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو بہتر بنانے کے لئے خصوصی اقدامات اور عالمی معیشت میں پاکستان کی مسابقتی صلاحیت کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔امریکی وفد میں محکمہ خارجہ ، امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی، محکمہ خزانہ اور امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔ دونوں ممالک کے وفود نے مجموعی معاشی استحکام اور معاشی نمو کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے جاری اقدامات پر بات چیت کی۔ پاکستان نے اصلاحات کے ایجنڈے کو برقرار رکھنے کے لئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ ملکر پیش رفت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پاکستان کی توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر روشنی ڈالی، جن کی بدولت قابل تجدید توانائی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی امریکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ۔پاکستان کا اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی کا ایک تجارتی وفد پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور پاکستان کے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل کی قیادت میں آئندہ ہفتے امریکی ریاست کیلی فورنیا روانہ ہوگا۔ قبل ازیںبدھ کو یو ایس ایڈ اور یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے دیامیر بھاشا ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم میں متوقع کاروباری مواقع سے امریکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کوآگاہ کیا۔

اجلاس بلانے پر اتفاق

مزید : صفحہ آخر