شادیاں کر کے گھروں کا صفایا اور شوہر کی جمع پونجی لوٹ لینے والی خواتین کاگروہ سرگرم
لاہور(کرائم سیل)زندگی بھر کی جمع پونجھی چوری کیے جانے کے بعد مظلوم شہری تھانہ ہنجروال میں چوروں کے خلاف کارروائی کروانے کے لیے چکر لگانے پر مجبور ہو گیا۔پولیس اہلکار جان بوچھ کے لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق مکان نمبر 183کوثر بلاک اعوان ٹاﺅن لاہور کے رہائشی محمد سلیم نے چند سال پہلے فرحت سلیم نامی خاتون سے شادی کی تھی نمائندہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے اس نے بتایا کہ یکم اکتوبر کو وہ اپنے گھر سے پی اے ایف ہسپتال گیا تھا جبکہ اس کی بیوی گھر پر موجود تھی ۔اسے محلہ داروں نے فون کر کے بتایا کہ اس کی بیوی اور چند نامعلوم افراد گھر کے سامنے ایک ٹرک کھڑا کر کے کھر کا سامان لوڈ کر رہے ہیں جس پر وہ فوری گھر پہنچا تو گھرکا مکمل صفایا ہو چکا تھااور ساڑھے تین لاکھ نقدی سمیت تقریبا دو لاکھ روپے کا سامان لوٹ لیا گیا تھا اس معاملے میں کارروائی کے لیے اس نے تھانہ ہنجر وال میں 2اکتوبر کو درخواست نمبر 766-B دی تھی لیکن ابھی تک اس پر کوئی عمل نہیں ہوا ہے جبکہ پولیس اہلکار ہر روز مجھے اگلے روز آنے کا کہ کر ٹر خا دیتے ہیں پولیس حکام سے اپیل ہے کہ معاملے کی انکوائری کر کے نجھے انصاف فراہم کیا جائے اس معاملے میں تھانہ ہنجروال میں رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ معاملے کی انکائری کی جا رہی ہے جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔بعض حلقوں کاخیال ہے کہ اس خاتون کا تعلق ایک بڑ ے گینگ سے ہے جس کی ارکان خواتین شادیاں کر کے بعد میں اپنے شوہر کی جمع پونجی لوٹ کر اور گھر کا صفایا کر جاتی ہیں کیونکہ فرحت سلیم نامی اس خاتون کی محمد سلیم سے تیسری شادی ہے۔فرحت سلیم رائیونڈ کے علاقہ میں ایک کلینک بھی چلاتی ہے جہاں ناجائز اسقاط حمل جیسے قبیح کام کیا جاتاہے۔ محمد سلیم کے مطابق فرحت سلیم ہنجروال پولیس سے آ کر ملتی رہتی ہے جس کی وجہ سے پولیس اس کے ساتھ کوئی تعاون نہیںکر رہی حالانکہ اسی پولیس کے علم میں ہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی فرحت سلیم گھر سے اچانک لا پتہ ہو گئی تھی اور انھوں نے اسی روز تھانہ ہنجروال میں اس کی گمشدگی گی رپورٹ بھی درج کرائی تھی۔