کراچی ،پیپلزپارٹی کے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری

کراچی ،پیپلزپارٹی کے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے 18 اکتوبر کو کراچی میں مزار قائد کے سامنے جلسے کے سلسلے میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ شہر میں پیپلز پارٹی کے جھنڈے، بینرز اور بلاول بھٹو زرداری کی تصاویر والی ہورڈنگز لگا دی گئی ہیں۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے 18اکتوبر 2007 کو سانحہ کارساز کے شہدا کی ساتویں برسی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد کے سامنے عوامی جلسے کا اعلان کیا گیا ہے، جس سے پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن اور تمام اضلاع کی پارٹی تنظیم کی جانب سے تیاریوں میں عید کے بعد تیزی آ گئی ہے۔ کلفٹن، شارع فیصل، لیاری، ملیر، نیشنل ہائی وے ،یونیورسٹی روڈ ،ایم اے جناح روڈ سمیت تمام بڑی شاہراہوں پر پیپلز پارٹی کے پرچم اورخیر مقدمی بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔ شاہراہوں پر لگے ہورڈنگز پر ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی بڑی بڑی تصاویر نمایاں ہیں۔پیپلز پارٹی کے علاقائی دفاتر میں ایک عرصے بعد گہما گہمی نے کارکنوں میں نئی سیاسی روح پھونک دی ہے، جہاں جیالے، پی پی اور بی بی سے اپنی والہانہ اور جذباتی وابستگی کا اظہار کررہے ہیں۔ پیپلز پارٹی سندھ میڈیاسیل کے انچارچ سینیٹر سعید غنی کا کہنا ہے کہ 18اکتوبر کا جلسہ ایک نئی سیاسی تاریخ رقم کرے گا۔جلسے میں بلاول بھٹو زرداری اہم اعلانات کریں گے۔ مزار قائد کے قریب پیپلزسیکریٹریٹ کو بھی پیپلزپارٹی کے جھنڈوں اور بتیوں سے سجا دیا گیا ہے جہاں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی آمد و رفت جاری ہے۔

مزید : صفحہ آخر