ایبولا سے ہلاکتوں کی تعداد 4000سے بڑھ گئی:عالمی ادارہ صحت
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ایبولا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور اقوام متحدہ کاکہنا ہے کہ بیماری کے پھیلاو سے نمٹنے کے لیے ایک بلین ڈالر کی رقم اب تک جمع نہیں ہوسکی۔عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق جان لیوا ایبولا وائرس سے اب تک سات ملکوں میں 8399 افراد کو متاثر ہوچکے ہیں ، جن میں سے 4033 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔دوسری جانب اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ وائرس سے لاحق فوری خطرات سے نمٹنے کے لیے درکار ایک بلین ڈالر کی رقم اب تک اکٹھی نہیں ہو پائی ہے۔ایبولا وائرس نے سب سے زیادہ مغربی افریقہ کے ممالک سیرا لیون، لائیبیریا اور گنی کو متاثر کیا ہے اور اب تک ہلاک ہونے والے تقریباً تمام افراد کا تعلق انہی ملکوں سے ہے۔ متاثرہ ملکوں کے علاوہ اقوام متحدہ کی اعلی قیادت نے عالمی برادری سے وائرس کی روک تھام کے لیے اضافی امداد کی اپیل کی ہے۔ عالمی ادارے کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ ایبولا کو روکنے کے لیے درکار ایک بلین ڈالر کااب تک صرف ایک چوتھائی حصہ ہی جمع ہو سکا ہے۔امریکہ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن کے اندازوں کے مطابق اگر فوری طور پر اضافی اقدامات نہ کیے گئے، تو جنوری تک ایبولا سے متاثرہ افراد کی تعداد1.4 ملین تک پہنچ سکتی ہے۔