ناراض شہد کی مکھیوں امریکیوں پر حملہ،ایک ہلاک، شہر میں خوف و ہراس
نیویارک (نیوز ڈیسک) شہد کی مکھیاں صرف صحت بخش شہد کا ہی ذریعہ نہیں ہیں بلکہ بعض اوقات یہ برہم ہوجائیں تو کسی کی جان بھی لے سکتی ہیں۔ امریکی ریاست ایریزونا کے جنوب میں واقع قصبے ڈگلس میں بھی ایک ایسا ہی افسوسناک واقع پیش آیا جس میں ہزاروں شہد کی مکھیوں نے چار لوگوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں ایک ہلاک اور تین بری طرح زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دو لوگ ایک بزرگ شہری کے پرانے گھر میں کچھ تعمیراتی کام کررہے تھے۔ ایمرجنسی اہلکاروں نے بتایا کہ جب وہ جائے حادثہ پر پہنچے تو دو لگ تشویشناک حالت میں زمین پر پڑے تھے جنہیں مکھیوں سے سینکڑوں ڈنگ مارے تھے۔ ایک تیسرا مزدور اور ایک ہمسایہ بھی حملے کا شکار ہوا۔ متاثرین کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن ان میں سے ایک ہلاک ہوگیا جبکہ ایک کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ اہلکاروں نے گھر کے معائنے کے دوران دیکھا کہ پچھلے حصے میں 10 فٹ لمبا چھتہ تھا جو کہ تقریباً 10 سال سے وہاں موجود تھا اور اس میں لاکھوں مکھیاں تھیں۔