مصباح الحق تیسرے ون ڈے سے دستبردار ہوگئے ، صہیب مقصود کو کھلائے جانے کا امکان

مصباح الحق تیسرے ون ڈے سے دستبردار ہوگئے ، صہیب مقصود کو کھلائے جانے کا امکان
مصباح الحق تیسرے ون ڈے سے دستبردار ہوگئے ، صہیب مقصود کو کھلائے جانے کا امکان

  

دبئی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والا تیسرا ایک روزہ میچ کھیلنے سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد شاہد آفریدی ٹیم کی قیادت کریں گے اور ان کی جگہ سعد نسیم کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ دوسری جانب فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض بھی پٹھے میں کھنچاﺅ کی وجہ سے ان فٹ ہو گئے ہیں جسکے باعث وہ آسٹریلیا کے خلاف تیسر ے ون ڈے میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ کی جانب سے اچھی پرفارمنس نہ دے سکنے پر مصباح الحق کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا تو ابتدائی طور پر انہوں نے احتجاج کیا مگر پھر انہوں نے بھی ہتھیار ڈال کر اس فیصلے پر رضا مندی دے دی۔

واضح رہے کہ مصباح الحق نے آخری مرتبہ ون ڈے میں ففٹی ایشیا کپ میں سری لنکا کیخلاف کی تھی لیکن اس کے بعد سے وہ جدوجہد میں مصروف ہیں، مصباح رواں برس کھیلنے والے 10 میچز میں225 رنز ہی بناپائے ہیں، حالیہ سیریز کے دو ابتدائی میچز میں بھی ان کی پرفارمنس انتہائی غیرتسلی بخش ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹیم میں انور علی وہاب ریاض کی جگہ سنبھالیں گے اور فواد عالم کی جگہ صہیب مقصود کی بھی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔ اس سے قبل آل راﺅنڈر محمد حفیظ اور فاسٹ بالر جنید خان بھی ان فٹ ہونے کے باعث آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں حصہ نہیں لے سکے۔یاد رہے آسٹریلیا پاکستان کو 0-2سے سیریز میں شکست دے چکا ہے اور سہ پہر چار بجے سیریز کا آخری ایک روزہ میچ کھیلا جائےگا ۔

مزید : کھیل