گیس کی قیمتوں میں 36فیصد اضافہ فوری واپس لیا جائے ، تاجروں و صنعتکاروں کا مطالبہ

گیس کی قیمتوں میں 36فیصد اضافہ فوری واپس لیا جائے ، تاجروں و صنعتکاروں کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 پشاور،لاہور‘فیصل آباد(کامرس رپورٹر‘ بیورورپورٹ) لاہور چیمبر‘اپٹپما اور انجمن تاجران لوہامارکیٹ نے اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں 36فیصد بھاری اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یہ فیصلہ فی الفور واپس لینے کا اعلان کرے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں بھاری اضافے کا فیصلہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ اس ادارے کو زمینی حقائق سے آگاہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں 36فیصد کا بھاری اضافہ ملکی برآمدات کو بْری طرح متاثر کرے گا کیونکہ کاروباری لاگت میں اضافہ ہوگا اور پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی سے باہر ہوجائیں گی جہاں انہیں پہلے ہی بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ایسے کاروبار دشمن اقدامات مینوفیکچرنگ سیکٹر کی نشوونما روک دیں گے، صنعتکاروں کو بھاری نقصان ہوگا کیونکہ گیس جیسے اہم صنعتی خام مال کی قیمتوں میں بھاری اضافے کی وجہ سے انہیں ایکسپورٹ آرڈرز پورے کرنے میں خسارے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیشہ نجی شعبے کو اعتماد میں لینے کی بات کرتی ہے جبکہ اوگرا جیسے ادارے اس کے برعکس اقدامات اٹھا رہے ہیں اور گیس کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کرتے ہوئے لاہور چیمبر یا کسی اور تجارتی تنظیموں کو اعتماد نہیں لیتے۔ ۔36 فیصد تو درکنار، گیس قیمت میں کسی بھی قسم کا اضافہ ہرگز منظور نہیں اور ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات کی کاسٹ آف پروڈکشن پہلے ہی انڈیا اور بنگلہ دیش سے زیادہ ہو نے کی وجہ سے عالمی منڈی میں پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کو بیچنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے اور اس پر گیس میں 36 فیصد اضافہ سے پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کو عالمی منڈی میں بیچنا نہ ممکن ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار حافظ انجےئر احتشام جاوید چئیرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن ( اپٹپما) فیصل آباد ریجن نے گیس میں 36 فیصد اضافہ کی اوگرا کی سمری پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ گیس جو کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل پروسیسنگ انڈسٹر ی کا خام مال ہے ۔ اس کی قیمت میں 36 فیصد اضافہ تو درکنار بلکہ انرجی کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کا اضافہ قبول نہیں ہے۔ کیونکہ انرجی کی قیمت میں اضافہ سے کاسٹ آف پروڈکشن کا بڑھنا لازمی امر ہے۔ حافظ انجےئر احتشام جاوید نے لمئحہ فکریہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کے حوالے سے عالمی خریداروں سے ٹیکسٹائل مصنوعات کے معاہدے ہو چکے ہیں لہذا اب گیس کی قیمتوں میں 36 فیصد اضافہ کے وجہ سے کاسٹ آف پروڈکشن بڑھنے سے پاکستانی ٹیکسٹائل صنعتکار عالمی خریداروں سے طے شدہ قیمت پر ٹیکسٹائل مصنوعات بیچ نہیں پائیں گے جس سے ٹیکسٹائل صتعت بند ہونے کا شدید خطرہ ہے۔

مزید :

کامرس -