اسحاق ڈار کو ایواڑ بین الاقوامی اداروں کے اعتماد کا ثبوت ہے:ایف پی سی سی آئی
کراچی ( اکنامک رپوٹر)ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو جنوبی ایشیاء کا بہترین وزیر خزانہ کا ایوارڈ ملنے پر انھیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس انعام کے حقدار ہیں کیونکہ انھوں نے ایک ڈوبتی ہوئی معیشت کو نہ صرف مسائل سے نکالا بلکہ اسے ترقی کے راستے پر بھی ڈال دیا ہے۔ وزیر خزانہ کو انعام ملنا صرف انکا نہیں بلکہ ساری پاکستانی قوم کا اعزاز ہے۔ عبدالرؤف عالم نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری پہلے ہی وزیرخزانہ کی صلاحیتوں کی معترف بھی جبکہ دنیا کے درجنوں اہم اداروں نے انکی کامیاب اقتصادی پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کی ہے جو ہمارے لئے فخر کا مقام ہے۔ اب انھیں ایک اور انعام دیا گیا ہے جو انکی پالیسیوں پر بین الاقوامی اداروں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ وزیر خزانہ کی پاکستان کیلئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور انھیں وزیر اعظم سمیت پوری کابینہ کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔ انکی شبانہ روز کوششوں کے سبب معیشت مستحکم ہو رہی ہے جسے بین الاقوامی سطح پر تسلیم بھی کیا جا رہا ہے۔پاکستان کی تمام سٹاک مارکیٹوں میں انضمام ہو گیا ہے، زر مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں، روپے کی قدر برقرار ہے جبکہ ملکی قسمت بدلنے والے منصوبہ اقتصادی راہداری پر کام جاری ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھے گی تاکہ پاکستان ایک اہم اقتصادی قوت بن کر ابھر سکے۔