بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ سے صنعتی سرگرمیاں بہت متاثر ہو رہی ہیں:صدر آئی سی سی آئی

بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ سے صنعتی سرگرمیاں بہت متاثر ہو رہی ہیں:صدر آئی سی سی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد ( آن لائن )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صنعتوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائے کیونکہ اسلام آباد کے صنعتی علاقوں میں بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ سے صنعتی سرگرمیاں بہت متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے آٹھ دس دن سے صنعتوں کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بہت اضافہ ہو گیا ہے جس وجہ سے صنعتکاروں کیلئے پیداواری سرگرمیاں جاری رکھنا اور برآمدات کے آڈرز پورے کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے بزنس کمیونٹی کو یقین دہانی تھی کہ صنعتوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی اور ان کیلئے کوئی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی ۔
لیکن آئیسکو کی طرف سے صنعتوں کیلئے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ وزیر اعظم کی یقین دہانی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ خالد اقبال ملک نے کہا کہ لوڈشیڈنگ میں اضافے سے خاص طور پر برآمدت کا سامان تیار کرنے والی صنعت اوراور فوڈ انڈسٹری تقریبا تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے کیونکہ شدید لوڈشیڈنگ کے ماحول میں ان صنعتوں کیلئے پیداواری سرگرمیاں جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے کہا آئیسکو حکام نے یقین دہانی کرائی تھی کہ 48گھنٹے کے اندر اندر لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کر لیا جائے گا لیکن ابھی تک صنعتوں کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صنعتوں میں بڑی تعداد میں افراد کو روزگار میسر ہے لیکن بجلی کی کثیر لوڈشیڈنگ سے ورکروں کو گھنٹوں فارغ رہنا پڑا ہے ۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کہا کہ اگر آئیسکو نے فوری طور پر اس مسئلے کو حل نہ کیا تو صنعتیں بند ہونے سے ہزاروں افراد بیروزگار ہو سکتے ہیں جس سے مزید مسائل پیدا ہوں گے۔خالد اقبال ملک نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس مسئلے پر سنجیدگی سے غور کرے اور اس کا فوری حل نکالنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مسئلے میں ذاتی دلچسپی لیں اور آئیسکو کو صنعتوں کیلئے بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کریں تا کہ صنعتوں کو مزید نقصانات سے بچایا جا سکے۔۔#/s#

مزید :

کامرس -