محرم میں امن برقرار رکھنے کے لئے ہر فرد کردارادا کرے، جوادرفیق
لاہور(اپنے نمائندے سے)سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب ملک جواد رفیق،کمشنر لاہور عبداللہ خان سنبل، ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر)محمد عثمان،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر ریونیو طاہر فاروق،ڈسٹرکٹ سیٹلمنٹ آفیسر رانا خالد نے محرالحرام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم میں امن برقرار رکھنے کے لئے ہر شخص کردار ادا کرے ،محرم الحرام عبادت،ایثار،تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے ،یہ ماہ مقدس اپنی فضیلت ،عظمت ،حرمت اور برکت کے لحاظ سے انفرادی اہمیت کا حامل ہے ،اس لئے محرم الحرام کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ہم سب کو نئے اسلامی سال کا خیر مقدم کرنا چاہئے ،فرقہ واریت ،دہشت گردی اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کرکے اتحاد ،اتفاق ،امن و امان اور تحمل کو فروغ دینا ہو گا ،کربلا میں اہل بیت ؑ کا صبر تحمل اپنی مثال آپ ہے ،موجودہ دور میں بھی حسینیت و یزیدیت کا مقابلہ ہو رہا ہے ۔اسلام کے نام پر لوگوں کا قتل عام اس کی واضح مثال ہے ،جہاں حق ،عدل و انصاف کا معاملہ آئے گا وہاں سب سے پہلے حسین ؑ او ر زینب ؑ کا نام آئے گا ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر جنرل اسفند یا ر بلوچ ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی عاصم سلیم ،اسسٹنٹ کمشنرماڈل ٹاؤن راؤ امتیاز ،اسسٹنٹ کمشنررائے ونڈ علی شہزاد ،اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ارشد علی بھٹی ،اسسٹنٹ کمشنرکینٹ سائرہ حیات ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ذوالفقار گھمن ، ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس صداقت علی ملک ،ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ریجن عدنا ن ارشد اولکھ نے کہا کہ محرالحرام ہمیں محبت کا درس دیتا ہے ،ملک کو درپیش موجودہ خارجی و داخلی حالات کے پیش نظر معاشرے کے تمام طبقات پر لازم ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران انتہائی چوکس رہیں تاکہ ملک دشمن قوتیں معاشرے میں انتشار اور بد امنی پیدا کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں ،انہوں نے کہا کہ محرام الحرام اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور اسلام دشمن عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنائیں ،امن کے لئے کام کرنے والے ہی حقیقی معنوں میں قوم کے محسن ہیں ۔امام حسین ؑ نے اقتدار کے حصول کے لئے نہیں بلکہ دین اسلام کی سر بلندی کے لئے اپنی اور اپنے خاندان کی جانیں قربان کیں ۔