اجودھیا پور کا منشی پیسے اور رجسٹریاں لے کر غائب، سائل سراپا احتجاج
لاہور(اپنے نمائندے سے)پٹوار سرکل اجودھیا پور کے سابق پٹواریوں کا کار خاص منشی شہریوں کے پیسے،اصل رجسٹری،دستاویزات شناختی کارڈ لے کر روپوش ہو گیا ،شہریوں کا پٹوار خانے کے باہر شدید احتجاج ،تھانے میں مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواستیں جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہو گیا ،ڈسٹرکٹ سیٹلمنٹ آفیسر لاہور سے نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے،روزنامہ پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے سروے کے دوران معلوم ہوا ہے کہ پٹوارخانے میں آنے والے شہری محمد ندیم ،وقاص احمد ،عبدالغفار،تنویر احمد اور سجاد علی نے آگاہی دی کہ مذکورہ منشی ملک عتیق، بشیر احمدپٹواری کی تعیناتی کے دوران ہم سے ریکارڈ کی درستگی کے نام پر جہاں لاکھوں روپے رشوت وصول کرچکا ہے وہاں اصل رجسٹری دستاویزات اور شناختی کارڈ بھی وصول کر چکا ہے اور ہماری کال تک نہیں اٹینڈ کر رہا ہے اگر ہم بشیر احمد پٹواری سے رابطہ کرتے ہیں تو وہ بھی لاتعلقی ظاہر کر رہا ہے حالانکہ کل تک پٹوار خانے کا تمام تر ریکارڈ ملک عتیق کے سپرد تھا اور وہ پٹوار خانے میں بیٹھ کر شہریوں سے لین دین اور بلیک میلنگ کر رہا تھا یہ آج معلوم ہوا ہے کہ و ہ جعلی اور پرائیویٹ شخص ہے ،اس کے ذمہ دار بشیر احمد پٹواری اور وہ پٹواری ہیں جنہوں نے اس کے حوالے پٹوار خانے کا ریکارڈ کر رکھا تھا اور عرصہ دراز سے پبلک ڈیلنگ کرنے کی اجازت دے رکھی تھی ،اگر جلد از جلد ہماری رجسٹریاں اور پیسے واپس نہ ملے تو نا صرف محکمہ اینٹی کرپشن میں پٹواریوں کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست جمع کروائیں گے ،اس کے علاوہ محکمہ پولیس میں بھی مذکورہ پرائیویٹ منشی ملک عتیق کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست جمع کروا رکھی ہے ،دوسری جانب بشیر احمد پٹواری کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ منشی کے لین دین اور رشوت وصولی سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے اگر شہریوں کی اصل رجسٹریاں اس کے پاس ہیں تو اس کی واپسی کی مکمل کوشش کروں گا اس حوالے سے پرائیویٹ منشی ملک عتیق کا کہنا ہے کہ وہ بہت جلد اسی پٹوار خانے میں واپس آجائے گا ،دسٹرکٹ سیٹلمنٹ آفیسر سے بات چیت جاری ہے ،اپنی مرضی کا پٹواری لگا رہا ہوں ،شہریوں کے تمام گلے شکوے دور کردوں گا ۔