بھارت کھیلوں کو تعصب سے پاک رکھے: سابق کرکٹرز
لاہور( سپورٹس رپورٹر) بھارتی کرکٹ ٹیم اگر پاکستان کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہتی تو اس میں ہمیں کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہئیے ہماری قومی ٹیم ہمیشہ اس کے ساتھ کھیلنے کے لئے تیار ہے لیکن اگر اب بھارتی بورڈ نے ان حالات میں ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان سے کھینے سے منع کردیا ہے تو پی سی بی کو بھی چاہئیے کہ وہ اس موقع پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہرگز منت سماجت نہ کرے ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑیوں نے روز نامہ پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ہمیشہ کرکٹ کھیلنا چاہتی ہے اور بھارتی ٹیم کے ساتھ تو سیاست سے بالاتر ہوکر کوکھیلنے کی ضرورت ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ہمیشہ جب بھی دونوں ملکوں کے درمیان حالات کشیدہ ہوتے ہیں تو بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان سے کرکٹ کھیلنا روک دیتا ہے اور سمجھتا ہے کہ اس سے پاکستان کو بہت نقصان ہوگا اور پاکستانی کرکٹ بورڈ ہماری منت سماجت کرے گا لیکن ایسے موقع پر ہمیں ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کا ہونا بہت ضروری ہے اور کرکٹ کا کھیل تو سیاست سے پاک ہے اور اس کو دورہی ہونا چاہئیے پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز تو چاہئیے کہ وہ عو ام کا خیال کریں جو دونوں ممالک کے د رمیان کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں اور کھیل سے سیاست کو دور رکھیں اس سے سب سے زیادہ نقصان کرکٹ کا ہوگا جو پہلے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان بہت کم ہورہی ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین جاوید میاں داد نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ جاری رہنی چاہئیے دونوں ممالک آپس کے تعلقات کو ایک طرف رکھیں اور اس سے کھیل پر کوئی اثر نہیں پڑنا چاہئیے کیونکہ کھیل کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اس حوالے سے ہونے والے اجلاسوں میں پاک بھارت کرکٹ بورڈز اعلی عہدے دارن اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے شائقین کو دونوں ٹیموں کے درمیان میچز کا شدت سے انتظار کرتے ہیں اور اگر کرکٹ کا عمل رک کیا گیا تو اس کا سب سے زیادہ نقصان ہی شائقین کو ہوگا اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر سرفراز نواز نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہئیے کہ وہ اس معاملے کو آئی سی سی کے پلیٹ فارم پر اجاگر کریں کوئی بھی ملک یا کرکٹ بورڈ اپنی مرضی سے یہ فیصلہ نہیں کرسکتا کہ وہ اس کے خلاف نہیں کھیلے گا یہ فیصلہ آئی سی سی کا ہوتا ہے اور اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ اپنا کردار ادا کرے اور اس موقع پر بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی چاہئیے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلے سرفراز نواز نے کہا کہ کھیل کو ہرسیاست سے دور رکھنے کی ضرورت ہے اور امید ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز شیڈول کے مطابق ضرور ہوگی کیونکہ کھیلوں کا سیاست کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہوتا۔